میسی کے بارسلونا چھوڑنے کے فیصلے سے کلب میں بھونچال

میسی کی جانب سے بارسلونا کو بھیجی گئی یہ اطلاع کلب کے لیے کسی بم دھماکے سے کم نہیں تھی جس سے معاہدے میں کروڑوں ڈالر مالیت کی ’بائے آؤٹ‘ شق پر قانونی جنگ شروع ہونے کا امکان ہے۔ 

چھ بار 'بیلن ڈی اور' کے فاتح لیونل میسی نے بارسلونا کو بتایا کہ وہ ’فری ٹرانسفر‘ ضابطے کے تحت کلب چھوڑنا چاہتے ہیں۔

میسی کی جانب سے منگل کو فیکس کے ذریعے بھیجی گئی یہ اطلاع کلب کے لیے کسی بم دھماکے سے کم نہیں تھی جس سے معاہدے میں کروڑوں ڈالر مالیت کی ’بائے آؤٹ‘ شق پر قانونی جنگ شروع ہونے کا امکان ہے۔ 

میسی کا فیصلہ بارسلونا میں ان کے شاندار دور کے خاتمے کا اشارہ ہے جہاں انہوں نے ریکارڈ  گول سکور کیے اور چار چیمپیئنز لیگ ٹائٹل جیتے ہیں۔

ذرائع نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ارجنٹائن کے کھلاڑی ریلیز کی ایک شق کا استعمال کرکے بارسلونا کے ساتھ اپنے معاہدے کو ’یکطرفہ طور پر‘ ختم کرنا چاہتے ہیں۔

میسی اور کلب کے تعلقات رواں سال کے آغاز سے ہی خراب ہونا شروع ہو گئے تھے اور کھیلوں کے پنڈت ان کے بارسلونا چھوڑنے کی قیاس آرائیوں میں مصروف تھے تاہم رواں ماہ چیمپیئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں بایرن میونخ سے ذلت آمیز شکست کے بعد میسی کا کلب چھوڑنا تقریباً یقینی ہو گیا تھا۔ یہ 2007 کے بعد پہلی بار تھا جب بارسلونا اس مرحلے پر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا تھا۔

33 سالہ میسی کے وکیل کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس کے بعد بارسلونا کے پہلے ہی سے زیر عتاب صدر جوزف ماریہ بارٹومیو کے خلاف مداحوں کا غم و غصہ مزید بڑھ گیا ہے جہنوں نے ان کے خلاف احتجاج بھی کیا۔

بارڈومیو سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین میں سے 28 سالہ روبن تیجرو نے کہا: ’میں انہیں (میسی) کو کہیں اور کھیلتے ہوئے دیکھنے کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔ میں اس (فیصلے) پر یقین نہیں کرسکتا۔ اس کی بجائے میں یہ سوچنا پسند کرتا ہوں کہ یہ بارٹومیو کو نکالنے کے لیے انتظامیہ کو یہ الٹی میٹم دیا گیا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

میسی مانچسٹر سٹی، پیرس سینٹ جرمین اور انٹر میلان سے بھی رابطے میں رہے ہیں۔ وہ تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں جن کی ہفتہ وار اجرت تقریباً دس لاکھ یورو ہے۔

سپورٹس ویب سائٹ ’ای ایس پی این‘ کے مطابق میسی نے مانچسٹر سٹی کے منیجر پیپ گارڈیوولا کے ساتھ ایک ممکنہ معاہدے کے بارے میں گذشتہ ہفتے بات کی تھی۔ بارسلونا میں مقیم برازیل کے ایک صحافی نے یہ بھی کہا کہ میسی اپنے بارسلونا کے سابق کوچ کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں۔

بارسلونا نے ابھی تک میسی کے فیصلے پر باضابطہ طور پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ میسی کی ریلیز کی شق جون میں ختم ہوگئی ہے اور یہ کہ وہ 2021 کے سیزن کے اختتام تک معاہدے پر قائم رہنے کے پابند ہیں۔

سپین کے اخبار ’مارکا‘ نے لکھا: ’اصولی طور پر یہ شق 10 جون کو ختم ہوگئی ہے لیکن اس سیزن میں کرونا کی وبا کے باعث اس غیر معمولی صورت حال نے میسی کے لیے راستہ کھول دیا کہ وہ اپنے معاہدے سے علیحدہ ہونے کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔ ریلیز کی شق کے مطابق انہیں 70 کروڑ یورو سے ہاتھ دھونا بھی پڑ سکتا ہے۔‘

میسی نے 13 سال کی عمر میں بارسلونا کی یوتھ اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی تھی اور 2004 میں 17 سال کی عمر سے کلب کی جانب سے پہلا میچ کھیلا تھا۔ وہ اب تک بارسلونا کے لیے ریکارڈ 634 گول سکور کر چکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال