ساجد گوندل پانچ روز بعد بازیاب ہوگئے

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل نے ٹوئٹر پر اپنی بازیابی کی اطلاع دیتے ہوئے لکھا: 'میں واپس آگیا ہوں اور محفوظ ہوں۔ میں اپنے تمام دوستوں کا شکر گزار ہوں جو میرے لیے پریشان تھے۔'

ساجد گوندل جمعرات (3 ستمبر) کی رات اس وقت لاپتہ ہوگئے تھے، جب وہ اپنی سرکاری گاڑی میں خریداری کی غرض سے چک شہزاد آئے تھے۔ (تصویر: فیس بک)

 سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل پانچ روز کی گمشدگی کے بعد بازیاب ہوگئے ہیں۔

ساجد گوندل نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنی بازیابی کی اطلاع دیتے ہوئے لکھا: 'میں واپس آگیا ہوں اور محفوظ ہوں۔ میں اپنے تمام دوستوں کا شکر گزار ہوں جو میرے لیے پریشان تھے۔'

اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بھی انڈپینڈنٹ اردو کو تصدیق کی کہ 'ایس ای سی پی کے چیئرمین ساجد گوندل بازیاب ہوگئے ہیں۔'

ساجد گوندل جمعرات (3 ستمبر) کی رات اس وقت لاپتہ ہوگئے تھے، جب وہ اپنی سرکاری گاڑی میں خریداری کی غرض سے اسلام آباد کےعلاقے چک شہزاد آئے تھے۔ بعدازاں جمعے کی صبح ان کی سرکاری گاڑی پارک روڈ پر قومی زرعی تحقیقاتی مرکز کی عمارت کے باہر پائی گئی۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ساجد گوندل کی اہلیہ نے جمعہ (4 ستمبر کو) ان کی گمشدگی سے متعلق اسلام آباد پولیس کو درخواست دی تھی جبکہ ان کی والدہ کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنے  بیٹے کے مبینہ اغوا سے متعلق درخواست دائر کی گئی تھی۔

ہفتہ (5 ستمبر کو) مذکورہ درخواست پر سماعت کے دوران عدالت عالیہ نے ساجد گوندل کو پیر (7 ستمبر) تک بازیاب کروانے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ دوسری صورت میں معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے۔

یہی وجہ ہے کہ آج (بروز منگل) ہونے والے کابینہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزرا پر مشتمل ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔

ساجد گوندل ایس ای سی پی میں تعیناتی سے قبل صحافت کے پیشے سے منسلک تھے اور انگریزی اخبار ڈان میں بحیثیت رپورٹر خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ ان کے لاپتہ ہونے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیلی اور سوشل میڈیا پر خصوصاً صحافیوں کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔

ان کی بازیابی کی خبر بھی فوراً پھیل گئی اور ٹوئٹر پر ساجد گوندل کو بازیابی پر مبارک باد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا: 'وزیر اعظم نے کابینہ اجلاس میں واضح کیا کہ لوگوں کا 'لاپتہ' ہونا ناقابل قبول ہے کیونکہ تمام جرائم سے نمٹنے کے لئے قوانین موجود ہیں۔ اس معاملے پر آئی جی اور وزارت داخلہ کو سخت احکامات دیے گئے تھے۔ ساجد گوندل کی محفوظ واپسی بہت اچھی بات ہے۔'

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان