پاکستان کی مسلسل آٹھویں ون ڈے میچ میں کامیابی

پاکستان نے افتخار احمد کی پانچ وکٹوں اور بابر اعظم کی نصف سنچری کی بدولت زمبابوے کو دوسرے ون ڈے میچ میں چھ وکٹوں سے ہرا دیا۔

راولپنڈی کے دوسرے ون ڈے میچ میں بابر اور افتخار رن لے رہے ہیں (اے پی)

پاکستان نے اتوار کو راولپنڈی میں سپنر افتخار احمد کی پہلی مرتبہ پانچ وکٹوں اور بابر اعظم کی نصف سنچری کی بدولت مہمان زمبابوے کو دوسرے ون ڈے میچ میں با آسانی چھ وکٹوں سے زیر کر لیا۔

پہلے افتخار (40-5) نے زمبابوے کے بلے بازوں کو اپنے سپن کے جال میں پھنسا کر محض 206 رنز پر ڈھیر کر دیا پھر اپنے دوسرے ون ڈے میچ میں کپتانی کرنے والے بابر نے 74 گیندوں پر 77 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر پاکستان کو 35.2 اوورز میں فتح سے ہمکنار کر دیا۔

محدود ہدف کی وجہ سے زمبابوے کو جلدی وکٹوں کی ضرورت تھی لیکن امام الحق (49) اورعابد علی (22) نے 68 رنزکی ٹھوس اوپننگ فراہم کی، جس کی وجہ سے میزبان ٹیم کی جیت یقینی ہو گئی۔

مہمان ٹیم کے لیگ سپنر ٹنڈائے چسورو نے دونوں پاکستانی اوپنرز کی وکٹیں حاصل کیں جبکہ سین ویلیمز نے ڈیبیو کرنے والے حیدر علی (29) کو پویلین کی راہ دکھائی، جس کے بعد بابر نے افتخار (16 ناٹ آؤٹ) کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کی ناقابل شکست پارٹنر شپ (46 رنز) بنائی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کپتان بابر نے میچ کے بعد کہا کہ ان کی نوجوان ٹیم نے اچھا کھیلا اور ہر فتح اعتماد بڑھاتی ہے۔’ ہم نے پہلے میچ کے مقابلے میں اپنی بلے بازی بہتر بنائی ہے جو ایک اچھی علامت ہے۔‘

پاکستان کی یہ مسلسل آٹھویں فتح تھی جبکہ اس کے برعکس زمبابوے کی اس فارمیٹ میں یہ مسلسل دسویں ہار تھی۔

اس کامیابی کے بعد پاکستان کو سیریز میں ناقابل شکست 0-2 کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔ پاکستان نے جمعے کو پہلے میچ میں 26 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ سیریز کا فائنل میچ راولپنڈی میں ہی منگل کو کھیلا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ