پنجاب یونیورسٹی کے تین پروفیسر دنیا کے بہترین محققین میں شامل

سٹینفورڈ یونیورسٹی کیلفورنیا نے پنجاب یونیورسٹی کی فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے ڈین ڈاکٹر خالد محمود، ڈین فیکلٹی آف سائنس ڈاکٹر محمد شریف اور شعبہ ریاضی کے ڈاکٹر محمد اکرم کو دنیا کے بہترین محققین کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ 

ترجمان پنجاب یونیورسٹی کے مطابق ان  محققین کو ان کے تحقیقی مقالوں کی بین الاقوامی جانچ پڑتال کی بنیاد پر منتخب کیا گیا ہے۔(تصاویر: ارشد چوہدری)

­­ سٹینفورڈ یونیورسٹی کیلفورنیا نے پنجاب یونیورسٹی کے تین پروفیسرز کو دنیا کے بہترین دو فیصد محققین میں شامل کرلیا ہے۔

سٹینفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں پنجاب یونیورسٹی کی فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے ڈین ڈاکٹر خالد محمود، ڈین فیکلٹی آف سائنس ڈاکٹر محمد شریف اور شعبہ ریاضی کے ڈاکٹر محمد اکرم شامل ہیں۔

پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نیازاحمد کے مطابق: 'پنجاب یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے اساتذہ کی دنیا کے بہترین دو فیصد محققین میں شمولیت نہ صرف جامعہ بلکہ پاکستان کے لیے بھی اعزازکی بات ہے۔'

انہوں نے کہا کہ 'بین الاقوامی رینکنگ بہتر بنانے کے لیے ہمارے اقدامات کے ثمرات ملنا شروع ہو چکے ہیں۔'

ان کا مزید کہنا تھا کہ جامعہ پنجاب کو عالمی معیار تک لے جانے میں تمام اساتذہ اور شعبوں کا تعاون حاصل ہے اور اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف معیار تعلیم بلند ہوگا بلکہ طلبہ بھی بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے قابل ہوں گے۔

ترجمان پنجاب یونیورسٹی محمد خرم نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ بہترین محققین کی عالمی درجہ بندی میں تمام شعبوں سے ایک لاکھ 60 ہزار محققین کو شامل کیا گیا تھا اور پنجاب یونیورسٹی کے محققین کو ان کے تحقیقی مقالوں کی بین الاقوامی جانچ پڑتال کی بنیاد پر منتخب کیا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بہترین محققین میں نامزد پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں اپنی نامزدگی پر خوشی کا اظہار کیا۔  انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کی تحقیق میں لاکھوں مقالوں کے باوجود ان کا اور ان کے دیگر ساتھیوں کے مقالے کا منتخب ہونا بڑا اعزاز ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ امریکی یونیورسٹی، جو ریسرچ کے لحاظ سے دنیا کی ٹاپ یونیورسٹیوں میں شامل ہے، نے پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں سے 81 پروفیسرز کے ریسرچ مقالے دنیا بھر سے منتخب دو فیصد محققین کی اس لسٹ میں شامل کیے ہیں۔

ان کے خیال میں: 'اس سے نہ صرف ہماری جامعات میں معیار تعلیم بہتر ہوگا بلکہ ریسرچ بھی عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ ہوگی۔'

ڈاکٹر خالد محمود نے زور دیا کہ 'عالمی سطح پر محققین کی لسٹ میں شامل ہونے سے ہماری جامعات کی عالمی رینکنگ بھی بہتر ہو جائے گی، اس لیے یہاں کے اساتذہ کو اپنے مقالہ جات اور ریسرچ کو بہتر سے بہتر بنانا ہوگا تاکہ ایسے اعزازات میں ہماری نمائندگی بڑھتی جائے۔'

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کیمپس