ڈونلڈ ٹرمپ دنیا میں کہیں محفوظ نہیں رہیں گے: ایرانی حکام

ایرانی عدالیہ کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ کمانڈر قاسم سلیمانی کے قاتل ’روئے زمین پر کہیں بھی محفوظ نہیں۔‘

ایران کی القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کو گذشتہ سال تین جنوری کو بغداد میں امریکی ڈرون حملے میں مار دیا گیا تھا (اے ایف پی)

ایرانی عدالیہ کے سربراہ نے جمعے کو خبردار کیا ہے کہ ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کے قاتل ’روئے زمین پر کہیں بھی محفوظ نہیں۔‘

ابراہیم ریئسی نے ایسا قاسم سلیمانی کی پہلی برسی کے موقعے پر تہران میں انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقدہ ایک تقریب کے دوران کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’قاسم سلیمانی کے قتل کا حکم دینے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی انصاف سے نہیں بچ سکتے۔‘

خیال رہے کہ ایران کی القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کو گذشتہ سال تین جنوری کو بغداد میں امریکی ڈرون حملے میں مار دیا گیا تھا۔ اس امریکی حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں شدید اضافہ دیکھا گیا تھا۔

تہران یونیورسٹی میں ہونے والی تقریب کے دوران ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ’وہ شدید انتقام کا مظاہرہ کریں گے، اب تک جو ہوا وہ صرف اس کی ایک جھلک تھی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ایسا نہ سوچیں کہ امریکی صدر، جنہوں نے بظاہر اس قتل کا حکم دیا تھا، انصاف سے بچ سکیں گے، کبھی نہیں۔ اس قتل میں جس جس کا کردار تھا وہ زمین پر کہیں بھی محفوظ نہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس تقریب میں ایرانی حکام، اتحادی ممالک اور فوسرز جن میں شام، عراق، لبنان اور یمن شامل ہیں، کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ ایک اور تقریب قاسم سلیمانی کے مدفن اور آبائی علاقے کرمان میں بھی منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔

ایران کے اعلیٰ حکام، جن میں رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای بھی شامل ہیں، قاسم سلیمانی کے قتل کے حوالے سے ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ اس میں جو جو ملوث تھا انہیں انتقام کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یاد رہے کہ قاسم سلیمانی کے قتل کے چند روز بعد ہی ایران نے عراق میں امریکی فوجیوں کے اڈے پر میزائیلوں سے حملہ کیا تھا۔ ایرانی قیادت نے اس حملے کو ’تھپڑ‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’شدید انتقام‘ ابھی باقی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا