جنوبی افریقہ کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل

ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 128 رنز بنالیے۔ میچ کے تیسرے دن کی خاص بات حسن علی کی شاندار بولنگ تھی۔

پاکستانی بولر حسن علی کا جنوبی افریقہ کے کھلاڑی کو آؤٹ کرنے کے بعد جشن منانے کا ایک انداز (تصویر: اے ایف پی)

جنوبی افریقہ کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 128 رنز بنالیے ہیں جبکہ اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔

میچ کے تیسرے دن کی خاص بات حسن علی کی شاندار بولنگ تھی، جنہوں نے ورسٹائل بولنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی مزید تین وکٹیں لےکر پہلی اننگز 201 رنز پر سمیٹ دی۔ اس طرح پاکستان کو پہلی اننگز میں 71 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز تیسرے دن کی صبح دوبارہ شروع کی تو کپتان ڈی کوک اور بووما کریز پر موجود تھے۔

تیسرے دن پہلے آؤٹ ہونے والے ڈی کوک تھے، جو شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر 29 رنز بناکر بولڈ ہوئے۔

بعد میں آنے والے ویان مولڈر اور بووما نے چھٹی وکٹ کے لیے 50 رنز کی پارٹنرشپ بنائی، تاہم مولڈر عجلت میں دوسرا رن لینے کی کوشش کے دوران شاہین شاہ کی تھرو پر رنز آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 33 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی بقیہ تین وکٹیں حسن علی نے جلد ہی حاصل کرلیں۔ ان کی شاندار بولنگ کے باعث پوری ٹیم 201 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ حسن علی نے 54 رنز دے کر پانچ وکٹیں لیں۔

پاکستان کی دوسری اننگز

پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز ایک بار پھر مایوس کن تھا۔ بڑے دعوؤں کے ساتھ عمران بٹ کو اوپننگ کے لیے لانے والے اس وقت مایوس ہوگئے جب وہ اپنی چوتھی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ انہیں ربادا نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

دوسرے اوپنر عابد علی کی ناکامیوں کا سلسلہ رک نہ سکا۔ وہ مہاراج کی گیند پر 13 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے۔

کپتان بابر اعظم ایک بار پھر اس سیریز میں مہاراج کا نشانہ بنے۔ وہ آٹھ رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ بابر  اعظم کی وکٹ پاکستان کے لیے بہت بڑا دھچکہ تھا۔

اظہر علی نے دوسری طرف سے اننگز سنبھالنے کی کوشش کی مگر وہ بھی 33 رنز پر جارج لنڈے کو وکٹ دے گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان کے اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فواد عالم تھے جو جارج کی گیند پر 12 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس موقع پر پاکستان 76 رنز پر پانچ وکٹیں کھو چکا تھا اور ایسا لگتا تھا کہ پاکستان جلد آؤٹ ہوجائے گا لیکن فہیم اشرف اور محمدرضوان نے  52 رنز کی شاندار پارٹنر شپ بناکر پروٹیز کی بولنگ کا دباؤ ختم کردیا۔

دونوں بلے بازوں نے پاکستانی کیمپ میں امید کی شمع روشن کردی تھی  تاہم فہیم جارج لنڈے کی گیند پر 29 رنز بناکر دن ختم ہونے سے پہلے کیچ آؤٹ ہوگئے ۔

دن کے اختتام پر کریز پر رضوان  28 رنز اور حسن علی صفر پر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ پاکستان کا دوسری اننگز میں سکور 128 رنز ہے۔ اس طرح پاکستان کی مجموعی سبقت 199 رنز تک پہنچ چکی ہے۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے جارج لنڈے نے تین اور مہاراج نے دو وکٹیں لے کر پاکستان کے اہم بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا۔ پاکستانی بلےبازوں کا دونوں بولرز کے خلاف پریشان ہونا حیران کن ہے۔

اب ٹیسٹ میچ کا چوتھا دن بہت اہمیت کا حامل ہوگا۔ اگر پاکستان مزید 50 رنز  بنا لیتا ہے تو جنوبی افریقہ کے لیے 250 رنز سے زائد ہدف مشکل ترین ہوگا ۔

تاہم جنوبی افریقہ کی فیلڈنگ آج غیر معیاری رہی اور تین آسان کیچ ڈراپ کردئیے گئے۔ اگر وہ کیچ پکڑ لیے جاتے تو شاید پاکستان کی اننگز اس سے زیادہ پریشان کن صورتحال میں ہوتی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ