میسی کے چھ سو گول، بارسلونا کی جیت

بارسلونا نے چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل کی پہلی لیگ میں لیورپول کو0-3 سے شکست دے کر برتری قائم کر لی ہے۔

تصویر:روئٹرز

بارسلونا نے بدھ کو چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل کی پہلی لیگ میں انگلش کلب لیورپول کو 0-3 سے شکست دے کر برتری قائم کر لی۔

میچ کی خاص بات سٹار فٹبالر لیونل میسی کے اپنے ہسپانوی کلب کے لیے چھ سو گولز کا تاریخی ہندسہ عبور کرنا تھا۔

بارسا کے لوئس سوریز نے 26 ویں منٹ میں اپنے سابقہ کلب کے خلاف گول کر کے کھاتہ کھولا تو لیور پول نے ہاف ٹائم بریک کے بعد جارحانہ کھیلتے ہوئے سکور برابر کرنے کے لیے دو عمدہ موقعے پیدا کیے جو گول میں نہ بدل سکے۔

اس کے بعد میسی نے میچ کے آخری 15 منٹوں میں دو گول کر کے انگلش کلب کے میچ میں واپس آنے کے امکانات معدوم کر دیے۔

ایسا نہیں ہے کہ لیورپول نے میچ میں اچھا نہیں کھیلا، انگلش کلب درحقیقت میچ کے زیادہ تر حصے میں حاوی رہا لیکن وہ مواقعوں کو گول میں تبدیل نہ کر سکا۔

لیورپول کے سٹار فٹبالر محمد صلاح اپنے کلب کے لیے قیمتی ’آوے‘ گول کرتے کرتے رہ گئے جب ان کی ہٹ گول پوسٹ سے ٹکرا کر واپس آ گئی۔

دونوں ٹیمیں آئندہ منگل کو سیمی فائنل کے دوسرے لیگ میں ان فیلڈ پر آمنے سامنے ہوں گی۔

میچ کے بعد میسی نے کہا کہ وہ آج کے میچ پر خوش ہیں لیکن ابھی کھیل ختم نہیں ہوا کیونکہ ان کا اگلا مقابلہ ایک ایسے میدان میں ہے جو مشکل ہے، جس کی اپنی ایک تاریخ ہے اور جہاں حریفوں کو کافی محنت کرنا پڑتی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میسی کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک اہم اور بہترین لمحہ ہے اور ہمیں پہلے سے کہیں زیادہ متحد ہونا پڑے گا۔ ہم نے سال کے شروع میں کہا تھا کہ ہم مل کر آگے بڑھیں گے۔‘

رواں سیزن میسی اب تک 48 جبکہ چیمپئنز لیگ میں 12 گول سکور کر چکے ہیں۔

لیور پول کے مینیجر جرگن لوپ کے لیے یہ ایک تکلیف دہ شکست تھی کیونکہ ان کا کلب مسلسل دوسرے سال فائنل کھیلنے کا خواب دیکھ رہا ہے۔ پچھلے سال ریال میڈرڈ نے انگلش کلب کو فائنل میں شکست دے دی تھی۔

لوپ کے خیال میں ان کی ٹیم نے چیمپئنز لیگ کا بہترین میچ کھیلا۔’ہمیں اچھے موقعے ملے اور ہم نے مخالفین کو مشکل میں رکھا، لیکن مسئلہ یہ رہا کہ ہم سکور نہ کر سکے‘۔

چیمیئنز لیگ کے دوسرے سیمی فائنل میں ایکس نے منگل کو ایک اور انگلش کلب ٹوٹن ہیم کو 0-1 سے ہرا دیا تھا۔

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال