چمن میں بم دھماکہ: تین افراد ہلاک اور 13 زخمی

لیویز حکام کے مطابق دھماکہ خیز مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا، جو اس وقت پھٹا جب ایس ایچ او چمن کی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔

دھماکے میں پولیس وین کو شدید نقصان پہنچا (سکرین گریب)

صوبہ بلوچستان میں افغانستان سے متصل سرحدی علاقے چمن میں منگل کو لیویز جیل کے قریب بم دھماکے میں تین افراد ہلاک جبکہ 13 زخمی ہوگئے۔

لیویز حکام کے مطابق دھماکہ خیز مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا، جو اس وقت پھٹا جب ایس ایچ او چمن مقصود کی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔ دھماکے میں ایس ایچ او محفوظ رہے، تاہم ان کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔

واقعے کے بعد پولیس، لیویز اور فرنٹیئر کور کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید چھان بین شروع کردی۔

لیویز رسالدار چمن جہانگیر نے انڈیپنڈنٹ اردو سے گفتگو میں تین ہلاکتوں اور 13 زخمیوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہلاک اور زخمیوں میں پولیس اور لیویز اہلکار شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بم دھماکہ شام کو ساڑھے سات بجے کے قریب ہوا، جب پولیس کی ایک گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔

وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

صوبائی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں، مقتولین کے لواحقین کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے انتظامیہ سے بم دھماکے کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال اگست میں چمن میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں پانچ افراد ہلاک 18 زخمی ہوئے تھے۔ اس دھماکے میں انسداد منشیات کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان