چمن: بم دھماکے میں پانچ افراد ہلاک، 18 زخمی

دھماکے کے وقت قریب سے اینٹی نارکوٹکس فورس کی گاڑی گزر رہی تھی، جس کے دو اہلکار بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔

افغانستان سے متصل بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں پیر کو موٹر سائیکل بم دھماکے میں پانچ افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوئے ہیں۔

سٹی پولیس سٹیشن چمن کے ایس ایچ او محسن نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ دھماکہ چمن مال روڈ پر کھڑی ایک موٹر سائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے وقت قریب سے اینٹی نارکوٹکس فورس کی گاڑی گزر رہی تھی جس کے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں، دیگر زخمیوں میں سے  چار کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کرنے شروع کردیے ہیں اور شاہراہ پر آمد و رفت بند کرکے وہاں فورسز کی بھاری نفری  تعینات ہے۔

ایس ایچ او کے مطابق بم دھماکے کا نشانہ بظاہر اینٹی نارکوٹکس فورس کی گاڑی تھی۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چمن نے پانچ ہلاکتوں اور 18 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سیکرٹری صحت بلوچستان نے چمن دھماکے کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور تمام ڈاکٹر اور طبی عملے کو سول ہسپتال کوئٹہ میں موجود رہنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے دھماکے کو علاقے کا امن تباہ کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ کی تنصیب کا منصوبہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

واضح رہے کہ چمن میں سرحد کی بندش کے باعث عید سے قبل کشیدگی میں فائرنگ اور پتھراؤ کے واقعات میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان