پی ڈی ایم کی سرگرمیاں اب رمضان کے بعد ہوں گی: شاہد خاقان

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا  پی ڈی ایم اپنے سربراہی اجلاس کے بعد ہی اگلی سرگرمیوں کا اعلان کرے گی۔ تاہم رمضان سے پہلے پی ڈی ایم کے اجلاس منعقد ہوتے رہیں گے جبکہ لانگ مارچ اور تحریک کے دوسرے پروگرامز رمضان کے بعد منعقد کیے جائیں گے۔

(اے ایف پی)

پی ڈی ایم کے سینئیر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کے مطابق پی ڈی ایم اپنی عوامی سیاسی سرگرمیاں رمضان کے بعد شروع کرے گی جبکہ مسلم لیگ ن چھوٹے پیمانے پر ذاتی حیثیت میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔

ویسے تو پی ڈی ایم نے 26 مارچ کو لانگ مارچ کا اعلان کرنا تھا لیکن اس سے پہلے ان کے سربراہی اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان استعفوں کے معاملے نے شدید نوعیت اختیار کر لی۔

پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کے قائدین کوبتایا کہ پارٹی استعفوں کا فیصلہ مرکزی مجلس عاملہ کی 4 اپریل کو ہونے والی میٹنگ میں کرے گی جس کے بعد پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان نے لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان موخر کر دیا تھا۔

پیپلز پارٹی کی طرف سے سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی کی بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت سےبطور قائد حزب اختلاف تعیناتی کے بعد مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں اختلافات کی خلیج وسیع ہو گئی۔ جس کے بعد طرفین کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف شدید بیان بازی جاری ہے۔

پی ڈی ایم کے سینئیر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا ہے: ' فی الحال تو پاکستان پیپلز پارٹی پی ڈی ایم میں شامل ہے انہوں نے ہمیں اپنے استعفوں کے بارے میں ابھی بتانا ہے اس کے بعد دیکھیں گے کہ وہ پی ڈی ایم کا حصہ بنتے ہیں یا نہیں۔ کیونکہ یہ بھی بڑی عجیب سی بات ہے کہ حکومت کا تعاون لے کر پیپلز پارٹی نے قائد حزب اختلاف بنوایا۔'  

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'پی ڈی ایم ایک تحریک کا نام ہے جس کا مقصد آئین کی بالا دستی، قانون کی حکمرانی ، عوام کو ان کے حقوق ملیں۔ اور جو نااہل حکومت ملک پر مسلط ہے اس سے چھٹکارا ملے۔ جو بھی پارٹی یا فرد ہمارے اس ایجنڈےسے متفق ہے وہ ہمارے ساتھ شامل ہو سکتے ہیں۔ ابھی تک تو پیپلز پارٹی ہمارے ساتھ شامل ہے لیکن مستقبل میں انہوں نے ہی فیصلہ کرنا ہے کہ وہ پی ڈی ایم میں رہتے ہیں یا نہیں۔'

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا  پی ڈی ایم اپنے سربراہی اجلاس کے بعد ہی اگلی سرگرمیوں کا اعلان کرے گی۔ تاہم رمضان سے پہلے پی ڈی ایم کے اجلاس منعقد ہوتے رہیں گے جبکہ لانگ مارچ اور تحریک کے دوسرے پروگرامز رمضان کے بعد منعقد کیے جائیں گے۔  فی الحال تو ہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ اگر ہمیں اکیلے ہی چلنا پڑے تو ہم چلیں گے کیونکہ ہم تو نکلے ہی آئین کی سربلندی کے لیے ہیں۔

دوسی جانب دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی سربراہ مریم نواز کی طبعیت بھی چند روز سے ناساز ہے۔ ان کے پولیٹیکل سیکرٹری ذیشان ملک کے بیان کے مطابق مریم نواز کا کرونا ٹیسٹ منفی آیا ہے ان کے صرف گلے میں انفیکشن ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔

مریم نواز کے حوالے سے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مریم  ٹیلیفون کے ذریعے سب سے رابطے میں ہیں اور آئندہ آنے والی ہمارے میٹنگز میں حصہ بھی لیں گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان