شام ادریس، فروگی اور ڈکی بھائی میں اصل جھگڑا ہے کیا؟

2018 میں شروع ہونے والا یہ جھگڑا اس وقت اتنا آگے پہنچ چکا ہے کہ اتوار کو یوٹیوب سٹارز شام ادریس اور ان کی اہلیہ فروگی پر کراچی میں ایک مشتعل ہجوم نے حملہ کردیا۔

شام ادریس کی اہلیہ سحر عرف فروگی۔ تصویر: یوٹیوب ویڈیو گریب

کیا آپ کو انٹرنیٹ پر ہونے والے نئے تنازع کا علم ہے کہ پاکستانی یوٹیوبر ڈکی بھائی (سعد الرحمن) اور پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوب سٹارز شام ادریس اور ان کی اہلیہ فروگی کے درمیان کیا چل رہا ہے؟

تازہ ترین خبروں کے مطابق 2018 میں شروع ہونے والا یہ جھگڑا اس وقت اتنا آگے پہنچ چکا ہے کہ اتوار کو شام ادریس اور ان کی اہلیہ فروگی پر ایک مشتعل ہجوم نے حملہ کر دیا۔

شام ادریس اپنی اہلیہ سحر عرف فروگی کے ہمراہ کراچی کے ایک شاپنگ مال میں تھے جب انہیں اس حملے کا سامنا کرنا پڑا۔

شام ادریس کی اہلیہ فروگی نے اپنے ویڈیو بیان میں روتے ہوئے بتایا کہ وہ اور ان کے شوہر مداحوں سے ملنے کے لیے مال میں موجود تھے جب ایک لڑکے نے ان کے منہ پر مکا مارا جس کے بعد وہ وہاں سے بھاگ گیا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ان پر یہ حملہ یوٹیوب سٹار ڈکی بھائی (سعد) اور ان کے مداحوں نے کیا۔

فروگی اپنے ساتھ پیش آنے والے اس واقعے کے بعد بہت خوفزدہ محسوس کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’کسی کی ماں، بہن یا بیٹی کے ساتھ ایسا سلوک روا رکھنا ہرگز درست نہیں‘۔ انہوں نے یہ سوال اٹھایا کہ ’میرے ساتھ یہ سب کیا اس وجہ سے ہوا کہ میں شام ادریس کی بیوی ہوں؟‘ انہوں نے ایک روتی ہوئی چھوٹی سی بچی کی ویڈیو بھی دکھائی جو ان کے ساتھ سیلفی بنوانے آئی تھی اور جو اس سارے واقعے سے خوفزدہ تھی۔ 

اسی واقعے کی ایک اور ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں شام ادریس ایک شخص کے پیچھے بھاگ رہے ہیں جبکہ اس دوران غصے میں گالی دیتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا ’لڑکی کو مکا مارتا ہے‘۔

دوسری جانب ڈکی بھائی نے اپنی ایک ویڈیو میں وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ شام ادریس جب سے پاکستان کے دورے پر آئے ہیں، وہ ان سے ملاقات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ملاقات کرنے سے انکار پر انہوں نے ڈکی اور اس کے والدین کو دھمکیاں دی۔

اس واقعے کے بعد پاکستان کے متعدد یوٹیوبرز ڈکی بھائی کی حمایت میں سامنے آگئے جن میں زید علی، مورو (تیمور)، شاہ ویر جعفری وغیرہ شامل ہیں۔

شام ادریس کے سبسکرائبرز کی تعداد اس وقت 17 لاکھ ہے جبکہ ڈکی بھائی کے یوٹیوب پیج پر 11 لاکھ سبسکرائبرز موجود ہیں۔

ڈکی اور شام دونوں یو ٹیوب پر مختلف ویڈیوز شئیر کرتے ہیں۔ دونوں کے درمیان یہ تنازع تب شروع ہوا جب گذشتہ سال ڈکی نے شام اور ان کی اہلیہ پر کلک بیٹس (Clickbaits) حاصل کرنے کا الزام لگایا۔  تمام موجودہ بیان بازی بھی اسی تناظر میں چل رہی ہے۔

خیال رہے کہ یوٹیوبر سعد الرحمٰن جو ڈکی بھائی کے نام سے مشہور ہیں وہ شروع سے ہی اس قسم کی ویڈیوز بناتے ہیں جس میں دوسرے یوٹیوبرز کا مذاق اڑایا جاتا ہے۔ وہ شام ادریس سے قبل دیگر یوٹیوبرز کے حوالے سے بھی ایسی ویڈیوز بنا چکے ہیں۔

اس کے بعد شام نے اپنی ایک ویڈیو میں دیگر یوٹیوبرز کو ’چھوٹا‘ قرار دیا تھا، جس کے بعد شام کے خلاف تمام یوٹیوبرز سامنے آگئے۔

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی نئی نسل