اپنا فن عالمی سطح پر متعارف کروانا چاہتا ہوں: کشمیری بیٹ باکسر

سری نگر کے نوجوان بیٹ باکسر صفیان رؤف کی خاص بات یہ ہے کہ ان کا کوئی استاد نہیں کیونکہ انہوں نے خود ہی یہ فن سیکھا ہے۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے بیٹ باکسر صفیان رؤف کی خاص بات یہ ہے کہ ان کا کوئی استاد نہیں کیونکہ انہوں نے خود ہی یہ فن سیکھا ہے۔

بیٹ باکسنگ بنیادی طور پر منہ سے ڈرم مشینوں کی آواز نکالنے کا فن ہے۔ سری نگر کے 20 سالہ صفیان نے چھ سال قبل بیٹ باکسنگ کی تربیت حاصل کرنا شروع کی۔

انہوں نے اپنا سٹیج نام ’اباڈوکس‘ رکھا اور بیٹ باکسنگ کے کئی مقابلوں میں شرکت کے لیے یہی نام استعمال کیا۔ وہ کشمیر میں پہلے بیٹ باکسر ہیں جنہوں نے اس کی ایک کمیونٹی بھی قائم کی۔

2018 میں جب صفیان نے ’کشمیر بیٹ باکسنگ کمیونٹی‘ کی بنیاد رکھی تو وہ صرف 17 سال کے تھے۔ انہیں یہ خیال باقی ممالک میں اس کمیونٹی کی موجودگی سے آیا تھا۔

کچھ ہم عمر نوجوانوں نے صفیان کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد ان سے سیکھنا شروع کیا اور جب صفیان نے اس کی کمیونٹی قائم کی تو اس میں کشمیر بھر سے تقریباً 30 افراد شامل ہوئے۔

یہ 2016 کی بات ہے جب کشمیر میں عسکریت پسند رہنما برہان وانی کے جان سے جانے کے بعد پورے کشمیر کو بند اور انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی تھی۔ اس صورتحال میں صرف لینڈ لائن انٹرنیٹ دستیاب تھا۔

اس ناکہ بندی کے دوران صفیان نے آن لائن بیٹ باکسنگ کی ایک ویڈیو دیکھی جس کے بعد انہیں اس میں دلچسپی پیدا ہوئی۔

’مجھے بچپن سے ہی ہپ ہاپ موسیقی میں زیادہ دلچسپی تھی اور میں ابتدائی سکول سے ہی ریپ موسیقی کا عادی تھا۔

’میں نے اپنی ابتدائی تعلیم بھارتی ریاست گوا سے حاصل کی، جہاں میں اپنے سکول میں موسیقی کے مقابلوں میں حصہ لیتا تھا۔ ہمارے سکول میں بھارت کی دوسری ریاستوں کے علاوہ غیر ملکی طلبہ بھی تعلیم حاصل کرنے آتے تھے۔’

اپنے گھر میں بیٹ باکسنگ کی پریکٹس کے ساتھ ساتھ انہوں نے مقامی طور پر اس کا مظاہرہ کرنا شروع کر دیا۔

وہ اس تذبذب کا شکار بھی رہے کہ کیا وہ اسے جاری رکھ سکیں گے اور کیا لوگ ان کو قبول کریں گے؟ لیکن ان کی لگن نے انہیں رکنے نہ دیا اور آج بیٹ باکسنگ کشمیر میں ان کی پہچان بن چکی ہے۔

صفیان کا کہنا ہے کہ وہ دوسرے شعبے کے فنکاروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ وہ بیٹ باکسنگ کے علاوہ بھی سیکھ سکیں۔

’اس وقت میں بیٹ باکسنگ اور بی بوائینگ پر مشترکہ طور پر کام کر رہا ہوں جو کہ اپنی نوعیت کا پہلا کام ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بی بوائینگ امریکی سٹریٹ ڈانسنگ کا ہپ ہاپ سٹائل ہے۔

دنیا بھر میں سوئس بیٹ باکس بیٹ باکسرز کا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے۔ صفیان اس گروپ کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔

’میں بیٹ باکسنگ کے مقابلوں میں شرکت کرنا چاہتا ہوں لیکن اس کے لیے مزید وقت اور مہارت کی ضرورت ہے۔ میں اپنی مہارت کو بین الااقوامی سطح پر لے جانا چاہتا ہوں اور اپنی پہچان بنانا چاہتا ہوں۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا