’وزیراعظم رمضان کے آخر میں سعودی عرب جائیں گے‘

عمران خان کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی اور مشرق وسطیٰ طاہر محمود اشرفی کے مطابق وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے دوران دو طرفہ تعلقات کے تمام معاملات زیر بحث آئیں گے، جن میں معیشت میں تعاون، تجارت، مذہبی امور، سیاحت اور سبز انقلاب شامل ہیں۔

23 اکتوبر 2018 کی اس تصویر میں  سعودی بادشاہ شاہ سلمان اور وزیراعظم عمران خان کی ریاض میں  ملاقات  کا ایک منظر (تصویر: پریس اینڈ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ)

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی اور مشرق وسطیٰ طاہر محمود اشرفی نے پیر کو کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر ماہ رمضان کے آخر میں سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔

طاہر محمود اشرفی نے عرب نیوز کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب میں دو طرفہ تعلقات کے تمام معاملات زیر بحث آئیں گے، جن میں معیشت میں تعاون، تجارت، مذہبی اموراور سیاحت شامل ہیں۔ خاص طور پر سبزانقلاب پر بات چیت کی جائے گی جبکہ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران عمرہ بھی ادا کریں گے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اس دورے کے دوران خصوصی توجہ کا مرکزسعودی عرب میں حال ہی میں شروع ہونے والے سبز انقلاب کے منصوبے میں پاکستان کے تعاون میں اضافہ ہوگا۔

طاہر اشرفی نے مزید کہا ہے: ’توقع ہے کہ سبز انقلاب منصوبے پر بڑی پیشرفت کا اعلان کیا جائے گا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گذشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’میں اپنے بھائی شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے سبز سعودی عرب اورسبز مشرق وسطیٰ کے منصوبوں کے بارے میں جان کر بہت خوش ہوا ہوں۔ ہم نے انہیں ان منصوبوں میں اپنے تعاون کی پیشکش کی ہے کیونکہ یہ منصوبے ہمارے کلین اینڈ گرین پاکستان اور 10 بلین ٹری سونامی منصوبوں کی طرح ہیں۔‘

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی تھی، جس میں کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ اس موقعے پر شہزادہ محمد بن سلمان نے انہیں مستقبل قریب میں دورہ سعودی عرب کی دعوت دی، جو انہوں نے قبول کرلی۔

گذشتہ ماہ سعودی ولی عہد نے قطر، کویت، بحرین، عراق اور سوڈان کے رہنماؤں کے ساتھ بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی تھی، جس میں شجرکاری کے بہت بڑے علاقائی منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی عرب کا سبز انقلاب کا منصوبہ ولی عہد کے وژن 2030 منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد تیل سے حاصل ہونے والی آمدن پر انحصار کم کرنا اور معیارزندگی میں بہتری لانا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان