تشدد کو ہوا دینے کا الزام، کنگنا رناوت کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل

ٹوئٹر نے بالی وڈ اداکارہ کا اکاؤنٹ منگل کو اس وقت معطل کر دیا جب انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ریاست کی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی کو اپنا ’ویراٹ‘ روپ دکھانے کی درخواست کی۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ بھارتی اداکارہ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کیا گیا ہے۔ (اے ایف پی فائل)

متنازع اور قوم پرست بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں رہنے والی بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا ہے۔

ٹوئٹر نے بالی وڈ اداکارہ کا اکاؤنٹ منگل کو اس وقت معطل کر دیا جب انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ریاست کی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی کو اپنا ’ویراٹ‘ روپ دکھانے کی درخواست کی۔

ریاست مغربی بنگال میں ہونے والے حالیہ ریاستی انتخابات میں ممتا بینرجی کی جماعت نے اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت بی جی پی کو ایک بار پھر بڑے مارجن سے شکست دی ہے۔ کنگنا اس سے قبل بھی اپنی پوسٹس میں ممتا بینرجی پر سخت تنقید کرتی رہی ہیں۔ 

بھارتی میڈیا ادارے ’ٹریبیون انڈیا‘ کے مطابق جو ٹویٹ کنگنا کے اکاؤنٹ کی معطلی کی وجہ بنی اس میں انہوں نے انتخابات کے بعد مبینہ تشدد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: ’یہ بہت خطرناک ہے۔ ہمیں غنڈووں کو مارنے کے لیے سپر غنڈوں کی ضرورت ہے۔ یہ (ممتا) ایک بے قابو بلا کی طرح ہیں۔ مودی جی ان کو قابو کرنے کے لیے 2000 کی دہائی کے اپنے ’ویراٹ‘ روپ کا مظاہرہ کریں۔ پلیز۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ساتھ ہی انہوں نے ’بنگال میں صدراتی راج‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

انہوں نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر بھی اس بارے میں پوسٹ کی ہے لیکن اس میں اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی بندش سے متعلق کچھ نہیں کہا۔ 

’دا ہندو‘ کے مطابق ٹوئٹر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ہم اس معاملے میں کافی واضح رہے ہیں کہ ہم ایسے رویے کے خلاف سخت کارروائی کریں گے جو آف لائن نقصان کی وجہ بن سکتا ہے۔ مذکورہ اکاؤنٹ بار بار ٹوئٹر قوانین کی خلاف ورزی کرنے یا نفرت انگیز اور گالی گلوچ پر مبنی مواد پوسٹ کرنے پر مستقل طور پر بھی بند کیا جا سکتا ہے۔ ہم تمام صارفین کے لیے بلا امتیاز ٹوئٹر قوانین کی عملداری کو یقینی بنائیں گے۔‘

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ بھارتی اداکارہ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل بھی انہیں ایمازون پرائم کی ویڈیو سیریز ’تانڈو‘ کے خلاف ٹویٹ کرنے پر ٹوئٹر کی جانب سے کارروائی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انہوں نے سیریز پر ہندووں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کے ذمہ داروں کے ’سر اڑانے‘ کا مطالبہ کیا تھا۔

ٹوئٹر صارفین کی جانب سے کنگنا کے اکاؤنٹ کی بندش پر مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

شری ادھر ادا نامی صارف نے لکھا: ’لگتا ہے ٹوئٹر نے خود ہی اپنے وائرس سے جان چھڑا لی۔‘

رضوان نامی ایک صارف اس صورت حال کو ایک مییم کے ذریعے بیان کیا جس کے مطابق ’وہ دن آ گیا جس کا انتظار تھا۔‘
 

زیادہ پڑھی جانے والی فلم