برطانوی وزیر صحت پر قریبی ساتھی سے ’معاشقے‘ کا الزام

نومبر میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ کولاڈ اینجیلو کو ہینکاک کے محکمے میں نان ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی حیثیت سے بھرتی کیا گیا تھا جن کی سالانہ تنخواہ15 ہزار پاؤنڈ تھی۔

42 سالہ میٹ ہینکاک اپنی اہلیہ مارتھا سے 15 سال سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہیں اور اس جوڑے کے تین بچے ہیں جبکہ 43 سالہ جینا کولاڈ اینجیلو بھی شادی شدہ ہیں اور ان کے بھی تین بچے ہیں(فوٹو: اے ایف پی فائل)

برطانیہ کے وزیر صحت میٹ ہینکاک پر اپنی ہی محکمے میں مشیر کے عہدے پر تعینات ایک قریبی دوست کے ساتھ معاشقے کا الزام لگایا گیا ہے۔

میٹ ہینکاک کے جینا کولاڈ اینجیلو نامی خاتون سے افیئر کی خبریں گرم ہیں اور برطانوی اخبار ’دا سن‘ نے وزیر صحت کی ان کے ساتھ گلے لگتے ہوئے تصاویر شائع کیں جسے اخبار نے ’سٹیمی کلنچ‘ یعنی گرم جوش معانقہ قرار دیا۔

سکیورٹی کیمرے سے یہ تصاویر چھ مئی کو لی گئیں تھیں تاہم ذرائع نے اخبار کو بتایا کہ یہ جوڑا کرونا کی وبا کے دوران بھی دیگر کئی مواقعے پر گلے لگتے دیکھا گیا ہے۔

ہینکاک نے جمعے کو کہا کہ وہ سماجی فاصلے کی ہدایات کی خلاف ورزی پر ’معذرت خواہ ہیں‘ مگر ایک بیان میں واضح کیا کہ ان کا استعفیٰ دینے کا ارادہ نہیں۔ 

وزیر صحت نے اپنے خاندان کے لیے پرائیوسی کی اپیل کی اور کہا کہ ان کا دھیان ’ملک کو وبا سے نکالنے‘ پر مرکوز ہے۔ 

خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ تصویر وائٹ ہال میں ان کے محکمے کے اندر لی گئی تھی اور اس وقت کام کی جگہوں پر دو میٹر کا سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کا قانون نافذ تھا۔

یہ مختلف لوگوں کے درمیان گلے ملنے پر عائد پابندی ختم ہونے سے دو ہفتے قبل لی گئی تصاویر تھیں۔

ہیلتھ ڈپارٹمنٹ اینڈ سوشل کیئر (ڈی ایچ ایس سی) نے اس رپورٹ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جب کہ ہینکاک کے ایک ساتھی وزیر نے کہا ہے کہ وہ ان کے ’ذاتی معاملات‘ پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔

اپوزیشن لیبر پارٹی نے ہینکاک کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی کی سربراہ اینالیس ڈاڈز نے کہا کہ کولاڈ اینجلو کے ساتھ تعلق ’اختیارت کے غلط استعمال اور مفادات کے تصادم کے برابر ہے‘۔

لیبرل ڈیموکریٹس نے بھی وزیر اعظم بورس جانسن سے مطالبہ کیا کہ وہ وزیر صحت کو فارغ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’منافق ہینکاک کو جانا ہوگا۔‘

جینا کولاڈ اینجیلو آکسفورڈ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کے دوران ہینکاک سے ملی تھیں۔ وہ ایک لابی کمپنی ’لوتھر پینڈریگن‘ کی ایک ڈائریکٹر ہیں جو اپنے صارفین کو ’پیچیدہ‘ قانون سازی کے حوالے سے مشورے فراہم کرتی ہے۔

نومبر میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ کولاڈ اینجیلو کو ہینکاک کے محکمے میں نان ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی حیثیت سے بھرتی کیا گیا تھا جن کی سالانہ تنخواہ 15 ہزار پاؤنڈ تھی۔ اس بھرتی کے خلاف کھل کر تنقید کی گئی کیوں کہ محکمے میں اس عہدے کا کوئی سرکاری ریکارڈ موجود نہیں تھا۔

وہ فیشن اور ہوم ویئر شاپ ’اولیور بونیس‘ میں کمیونیکیشن ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ گذشتہ سال جون میں اس سٹور کا نام ایک سرکاری بلاگ میں شامل کیا گیا تھا جس میں پہلے لاک ڈاؤن کے بعد اس کو دوبارہ کھولنے کی کوشش کی تعریف کی گئی تھی۔

یہ سکینڈل سامنے آنے کے بعد وزیر ٹرانسپورٹ گرانٹ شیپس نے کہا ہے کہ وہ ہینکاک کی اپنی ساتھی کو گلے لگائے ہوئے تصاویر کی اشاعت پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے کیوں کہ یہ ’مکمل طور پر ان کا ذاتی‘ معاملہ ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ہینکاک کا عہدہ خطرے میں ہے؟ شیپس نے بی بی سی ریڈیو 4 کو بتایا: ’ایک طویل عرصے سے اس بات میں مکمل فرق رہا ہے کہ لوگ عوامی عہدے پر رہتے ہوئے کیا کرتے ہیں اور نجی زندگی میں ان کے کیا مشاغل ہیں۔‘

شیپس نے کہا کہ کولاڈ اینجیلو کی تعیناتی ایک ’مشقت طلب‘ عمل کے بعد کی گئی تھی۔

انہوں نے سکائی نیوز کو بتایا: ’قواعد کے مطابق جو بھی شخص بھرتی کیا گیا ہے اسے حکومت میں انتہائی سخت عمل سے گزرنا ہے لہذا جو بھی قواعد ہیں ہر ایک کو ان اصولوں پر عمل کرنا پڑے گا۔‘

وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید کہا: ’اس میں کسی کے لیے بھی شارٹ کٹس نہیں ہیں کیوں کہ جو کوئی بھی سول سروس میں تقرریوں کے نظام سے واقف ہے وہ جانتا ہے کہ یہاں بہت سخت قوانین موجود ہیں۔‘

42 سالہ میٹ ہینکاک اپنی اہلیہ مارتھا سے 15 سال سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہیں اور اس جوڑے کے تین بچے ہیں۔ 43 سالہ جینا کولاڈ اینجیلو بھی شادی شدہ ہیں اور ان کے بھی تین بچے ہیں۔

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی یورپ