کینسر کو شکست دینے والی کارلا کی اولمپک میں پہلی فتح

کیموتھراپی کے آٹھ سیشنز سے گزر کر صحت یاب ہونے والی کارلا نے میچ کے بعد کہا کہ ’میں واقعی خوش ہوں۔ میرے لیے یہ مہینے مشکل ثابت ہوئے تھے۔‘

اپنا چوتھا اولمپکس کھیلنے والی کارلا نے ومبلڈن کوارٹر فائنلسٹ انس جابر کو 4-6 اور1-6 سے ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کی، یہ ان کی گذشتہ سال فروری کے بعد پہلی جیت ہے (اے ایف پی)

ہسپانوی ٹینس سٹار کارلا سواریز نوارو نے کینسر سے صحت یاب ہونے کے بعد اتوار کو ٹوکیو اولمپکس کے پہلے راؤنڈ میں تیونس کی اُنس جابر کو شکست دے کر پہلی فتح اپنے نام کی ہے۔

سابقہ عالمی نمبر چھ کارلا کینسر کو شکست دینے کے بعد گذشتہ ماہ فرنچ اوپن میں اپنی واپسی پر ایکشن میں نظر آئی تھیں۔ انہیں ستمبر 2020 میں لیمفاٹک کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

وہ فرنچ اوپن اور ومبلڈن کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہو گئی تھیں جہاں انہیں گرینڈ سلم ٹورنامنٹ کی فاتح آسٹریلین سٹار ایشلے بارٹی نے تین سیٹس میں شکست دی تھی۔

تاہم اپنا چوتھا اولمپکس کھیلنے والی کارلا نے ومبلڈن کوارٹر فائنلسٹ انس جابر کو 4-6 اور1-6 سے ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کی۔ یہ ان کی گذشتہ سال فروری کے بعد پہلی جیت ہے۔

کیموتھراپی کے آٹھ سیشنز سے گزر کر صحت یاب ہونے والی کارلا نے میچ کے بعد کہا: ’میں واقعی خوش ہوں۔ میرے لیے یہ مہینے مشکل ثابت ہوئے تھے۔ میں کورٹ میں واپسی پر بہت خوش ہوں اور میں نے اس ہفتے (کھیل کا) لطف اٹھایا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ میرے لیے، ہمارے (خاندان) کے لیے اور میرے سب (چاہنے والوں) کے لیے واقعی ایک خاص لمحہ ہے۔ واپسی کے بعد میں اپنی پہلی جیت پر واقعی خوش ہوں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کارلا نے یو ایس اوپن کے بعد ریٹائرمنٹ کا ارادہ ظاہر کیا ہے لیکن وہ اپنے الوداعی دورے میں کامیابی کے لیے پُرعزم ہیں۔

ٹوکیو اولمپکس کے دوسرے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ ومبلڈن کی رنر اپ کیرولینا پلسکووا سے ہو گا۔

ان کا کہنا ہے کہ ’یہ مشکل تھا لیکن میں نے بہت زیادہ مشق کی ہے۔ میں نے فرنچ اوپن اور ومبلڈن میں جیتنے کی کوشش کی تھی لیکن (یہ) ممکن نہیں ہو سکا۔‘

’لیکن یہاں میں واقعی میں بہت اچھا محسوس کر رہی ہوں اور میں نے آج ایک بہت اچھا میچ کھیلا ہے اور میں اگلے میچ کی منتظر ہوں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹینس