سگریٹ پر پابندی لگا دی جائے: سگریٹ کمپنی کے سربراہ

فلپ مورس کمپنی کے ایگزیکیٹو نے کہا ہے کہ ’ہم سگریٹوں سے پاک دنیا دیکھنا چاہتے ہیں اور یہ کام جتنی جلد ہو، اتنا ہی بہتر ہے۔‘

سگریٹ نوشی ہر سال 80 لاکھ افراد کی موت کا باعث بنتی ہے (پکسا بے)

سگریٹ بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی فلپ مورس انٹرنیشنل کے چیف ایگزیکٹیو نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ برطانیہ میں دس سال کے اندر اندر سگریٹ پر پابندی لگا دے۔

کمپنی ایک صدی سے زیادہ عرصے سے دنیا کے مشہور ترین سگریٹ برانڈ مالبرو بنا رہی ہے۔

سوئس امریکی کمپنی فلپ  مورس کے چیف ایگزیکٹیو یاکسیک اولچیک نے برطانوی اخبار ’دا میل آن سنڈے‘ کو بتایا کہ کمپنی برطانیہ میں سگریٹ کی فروخت مرحلہ وار بند کر رہی ہے۔  

انہوں نے کہا کہ اول تو لوگوں کو سگریٹ پینا بند کر دینا چاہیے، لیکن پھر بھی جو لوگ سگریٹ پینا چاہتے ہیں وہ ای سگریٹ اور دوسری الیکٹرانک ڈیوائسز استعمال کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا، ’ہم سگریٹ کے بغیر دنیا کا تصور کر سکتے ہیں۔ جتنا جلد یہ ہو ہر کسی کے لیے اتنا ہی بہتر ہے۔ مناسب قانون سازی اور آگہی سے بعض ملکوں میں یہ کام دس سال کے اندر ہو جائے گا۔ اس طرح آپ یہ مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل کر سکتے ہیں۔‘

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق سگریٹ نوشی کے ہاتھوں ہر سال 80 لاکھ سے زیادہ افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ ان میں سے 70 لاکھ کے قریب اموات براہِ راست سگریٹ نوشی سے، جب کہ 12 لاکھ اموات سگریٹ نہ پینے والوں کو دوسری لوگوں کے سگریٹوں کے دھویں سے ہوتی ہیں۔

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق سگریٹ پینے والوں کی نصف تعداد اس مضر عادت کی وجہ سے قبل از وقت ہلاک ہو جاتی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ادارے کا یہ بھی کہنا ہے کہ تمباکو کی کوئی محفوظ حد نہیں ہے اور اس کی ہر مقدار نقصان دہ ہے۔

بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ فلپس مورس سگریٹ بنانے کا کاروبار چھوڑ کر فارماسیوٹیکل انڈسٹری میں جانا چاہتی ہے۔ اس ماہ کے شروع میں فلپ مورس انٹرنیشنل نے ایک دوا ساز کمپنی ویکٹورا کو ایک ارب پاؤنڈ میں خریدنے کا معاہدہ کیا تھا۔ 

تاہم اس پر بعض حلقوں کی  طرف سے اعتراض کیا جا رہا ہے کہ وہ کمپنی جس کی مصنوعات لاکھوں لوگوں کو ہلاک کرنے کا باعث بن رہی ہیں، اسے زندگی بچانے والی ادویات بنانے کا لائسنس کیسے دیا جا سکتا ہے۔ 

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی صحت