ارجنٹائن کے فٹ بال سٹار لیونل میسی کے والد نے منگل کو ہسپانوی میڈیا کو بتایا ہے کہ ان کے بیٹے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بارسلونا کے ایل پراٹ ایئرپورٹ پر صحافیوں کی جانب سے اس سوال پر کہ کیا میسی منگل کو فرانسیسی کلب کے ساتھ معاہدہ کریں گے؟ ان کے والد جارج میسی نے جواب دیا: 'ہاں۔'
جارج میسی کو صحافیوں نے اس وقت گھیر لیا جب وہ اپنے بیٹے سے کچھ دیر پہلے ہی پیرس جانے والی پرواز میں سوار ہونے کے لیے ایئرپورٹ پہنچے تھے۔
پی ایس جی کلب گذشتہ چند دنوں سے میسی کی بارسلونا سے علیحدگی کے بعد ایک معاہدے کو حتمی شکل دینے میں مصروف تھا۔
میسی نے اتوار کو بارسلونا میں اپنی الوداعی نیوز کانفرنس میں اعتراف کیا تھا کہ ان کا پی ایس جی میں شمولیت صرف ایک ’امکان‘ ہے۔ اس موقع پر فٹ بال سٹار آبدیدہ بھی ہوگئے تھے۔
اس سوال کے جواب میں کہ کیا میسی بارسلونا چھوڑنے پر اداس ہیں؟ ان کے والد جارج میسی نے کہا: 'کیا آپ نے انہیں نہیں دیکھا تھا؟'
جب ان سے پوچھا گیا کہ یہ کس کا قصور ہے کہ چھ مرتبہ بیلن ڈی اور کے فاتح یہ کلب چھوڑنے پر مجبور ہوئے؟ جارج میسی نے جواب دیا: 'کلب سے پوچھیں۔'
ہسپانوی فٹ بال کلب ایف سی بارسلونا نے پانچ اگست کو اعلان کیا تھا کہ ارجنٹائن کے سٹار فٹ بالر لیونل میسی نئے معاہدے میں ناکامی کے بعد بارسلونا کے ساتھ اپنے کیریئر کا اختتام کردیں گے۔
کلب کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا: ’اگرچہ ایف سی بارسلونا اور لیونل میسی کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا تھا لیکن اسے معاشی اور ساختی رکاوٹوں کی وجہ سے حتمی شکل نہیں دی جاسکتی۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مزید کہا گیا: ’اس صورت حال میں لیونل میسی بارسلونا سے منسلک نہیں رہیں گے۔ دونوں فریقوں کو دل کی گہرائیوں سے افسوس ہے کہ کھلاڑی اور کلب دونوں کی خواہشات پوری نہیں ہو سکتیں۔‘
میسی نے 2000 میں 13 سال کی عمر میں بارسلونا کی یوتھ اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی تھی اور 2004 میں 17 سال کی عمر سے کلب کی جانب سے پہلا میچ کھیلا تھا۔ وہ اب تک بارسلونا کے لیے ریکارڈ 634 گول سکور کر چکے ہیں۔
بعدازاں چھ مرتبہ گولڈن بال جیتنے والے فٹ بالر لیونل میسی اتوار کو ایک نیوز کانفرنس کے دوران اس وقت آبدیدہ ہو گئے تھے جب وہ کلب ایف سی بارسلونا سے اپنی علیحدگی کے حوالے سے گفتگو کر رہے تھے۔
میسی نے بارسلونا سے راہیں جدا کرنے کے بعد اپنے فوری مستقبل کے بارے میں کچھ نہیں کہا لیکن فرانسیسی اخبار لیکوئپ نے چھ اگست کو رپورٹ کیا تھا کہ ’میسی پیرس سینٹ جرمین کلب میں شمولیت اختیار کرنے والے ہیں۔‘
اس کلب کے مینیجر موریشیو پوچیتینو نے بھی صحافیوں کو بتایا تھا کہ کلب کے پاس میسی بھی ایک ’آپشن‘ ہیں۔
کیا میسی جیسے اور بھی کھلاڑی ہیں؟
فٹ بال لیجنڈ میسی کے پرستار پوری دنیا میں موجود ہیں اور ایسے بھی چند کھلاڑی ہیں، جو اپنے اپنے علاقوں یا خطوں میں میسی کے نام سے جانے جاتے ہیں۔ آئیے ذرا روشنی ڈالتے ہیں۔
عربی میسی: عمر عبدالرحمٰن
متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے عمر عبدالرحمٰن میسی کی طرح 10 نمبر کی شرٹ پہنتے ہیں اور انہوں نے اپنے وقت میں ایشین پلیئر آف دی ایئر سمیت کئی ایوارڈز جیتے ہیں۔
29 سالہ عبدالرحمٰن اپنے افرو ہیئر سٹائل سے پہچانے جاتے ہیں۔ انہوں نے اپنا تمام کیریئر متحدہ عرب امارات میں زیادہ تر العین کے ساتھ گزارا۔ وہ ایک بار مانچسٹر سٹی کے ساتھ دو ہفتے کا ٹرائل بھی کرچکے ہیں۔
خلیجی میڈیا نے انہیں ان کے عروج کے دنوں میں 'عربی میسی' کہہ کر پکارا، جو بعدازاں 'ایشیائی میسی' بھی بن گیا۔
2016 میں انہوں نے میسی کے کلب بارسلونا کے خلاف ایک دوستانہ میچ میں پینینکا پنالٹی سے گول کیا۔
جاپانی میسی: ٹیکفوسا کوبو
ٹیکفوسا کوبو کو بارسلونا کی اکیڈمی میں اپنے چھوٹے قد اور ڈرائبلنگ کی مہارت کی وجہ سے ہسپانوی میڈیا نے 'جاپانی میسی' کا نام دیا۔
20 سالہ کوبو کے گول نے جاپان کو اولمپکس میں سیمی فائنل تک پہنچانے میں مدد دی، تاہم وہ کانسی کے تمغے کے پلے آف میں ہار گئے۔
آئرش میسی: زیک گلسنن
نو سال کی عمر میں بارسلونا کی لا ماسیا اکیڈمی میں شامل ہونے کے بعد 'آئرش میسی' کے نام سے مشہور گلسنن نے بالآخر لیورپول کا رخ کیا اور اب وہ بلیک برن روورز میں کھیلتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میسی کے ساتھ ان کا موازنہ 'تھوڑا عجیب' تھا۔
پرتھ میں پیدا ہونے والے گلسنن نے بین الاقوامی سطح پر آسٹریلیا کی نمائندگی کا انتخاب کیا حالانکہ ان کے والدین کا تعلق آئرلینڈ سے ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ میسی کے بجائے نیمار ان کے آئیڈیل ہیں۔
18 سالہ گلسنن نے کہا: 'مجھے ان کی ویڈیوز دیکھنا پسند ہے اور میں ان کی نقل کرنے کی کوشش کرتا تھا۔ میں بارسلونا میں تھا جب وہ کلب کے لیے کھیل رہا تھا، اس لیے انہیں قریب سے دیکھ کر بہت اچھا لگا۔'
سکاٹش میسی: ریان گالڈ
25 سالہ ریان گالڈ کینیڈا میں وینکوور وائٹ کیپس کے ساتھ کھیلتے ہیں۔ گالڈ نے 2014 میں سپورٹنگ لزبن جانے سے پہلے ڈنڈی یونائیٹڈ کے ساتھ اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔
دو سیزن کے بعد انہیں فارینسی کے ساتھ مستقل معاہدے سے پہلے دوسرے پرتگالی کلبوں کا حصہ بنا دیا گیا۔
ایرانی میسی: سردار ازمون
ایرانی سٹرائیکر ازمون نے 19 سال کی عمر میں بین الاقوامی سطح پر فٹ بال کھیلنی شروع کی لیکن اپنے کلب کیریئر کا بیشتر حصہ انہوں نے روس میں گزارا۔ اس وقت وہ زینٹ سینٹ پیٹرز برگ کے ساتھ کھیلتے ہیں۔
انہوں نے 23 سال کی عمر میں ورلڈ کپ میں ایران کی ناقص کارکردگی کے بعد 2018 میں قومی ٹیم کو خیرباد کہہ دیا لیکن پھر 12 ماہ بعد ان کا دل بدل گیا اور اب وہ قطر میں 2022 کے فائنل میں اپنے ملک کی کامیابی کے لیے پرامید ہیں۔
ایرانی صحافی علی رضا اشرف نے دی بلیچر رپورٹ کو بتایا: 'رشین لیگ میں ایران اور اپنے کلبوں کے لیے کامیابی حاصل کرنے کے بعد حالیہ برسوں میں انہیں بہت سے نام دیے گئے ہیں، جن میں سے 'ایرانی میسی' اور 'ایرانی زلاٹن' سب سے زیادہ استعمال کیے جاتے ہیں۔ انہیں دوسرا نام پسند ہے اور وہ زلاٹن اور پچ پر ان کے انداز سے متاثر ہیں۔'
ان کا مزید کہنا تھا: 'ازمون کا خیال ہے کہ ان کی فٹ بال میسی کی طرح بالکل نہیں لگتی۔'