چھ مرتبہ گولڈن بال جیتنے والے فٹبالر لیونل میسی اتوار کو ایک نیوز کانفرنس کے دوران اس وقت آبدیدہ ہو گئے جب وہ کلب ایف سی بارسلونا سے اپنی علیحدگی کے حوالے سے گفتگو کر رہے تھے۔
ایف سی بارسلونا نے میسی سے راہیں جدا کرنے کی وجہ ان کی زیادہ فیس کو قرار دیا تھا۔ کلب کے مطابق وہ اپنے مستقبل کو خطرے میں ڈالے بغیر یہ فیس ادا نہیں کرسکتے۔
نیوز کانفرنس کے دوران میسی کا کہنا تھا کہ ’میں نے احترام اور بردباری کا رویہ رکھتے ہوئے یہ امید کی ہے میرے کلب چھوڑنے کے بعد یہ تعلق ایسا ہی رہے گا۔‘
ان کی نیوز کانفرنس کے دوران ان کے ہزاروں مداح بارسلونا کے کیمپ نو فٹ بال سٹیڈیم کے باہر اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو الوداع کہنے کے لیے موجود رہے۔ ان میں سے کئی مداحوں نے میسی کی دس نمبر کی شرٹ پہن رکھی تھی۔ میسی کے مداح انہیں مسیحا کے نام سے پکارتے ہیں۔
میسی نے بارسلونا سے راہیں جدا کرنے کے بعد اپنے فوری مستقبل کے بارے میں کچھ نہیں کہا لیکن فرانسیسی اخبار لیکوئپ نے چھ اگست کو رپورٹ کیا تھا کہ ’میسی پیرس سینٹ جرمین کلب میں شمولیت اختیار کرنے والے ہیں۔‘
اس کلب کے مینیجر موریشیو پوچیتینو نے بھی صحافیوں کو بتایا تھا کہ کلب کے پاس میسی بھی ایک ’آپشن‘ ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یاد رہے سے پانچ اگست کو بارسلونا کی جانب سے کہا گیا تھا کہ 34 سالہ میسی بارسلونا کو چھوڑ رہے ہیں۔ ایسا دونوں فریقین کے درمیان نئے معاہدے پر اتفاق کے باوجود ہوا ہے۔ نئی معاہدے کے باوجود معاشی وجوہات کی بنا پر یہ تعلق جاری نہیں رہ سکا۔
میسی نے بارسلونا کے یوتھ سیٹ اپ میں 13 سال کی عمر میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ اس کلب کی تاریخ میں اب تک سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی رہے ہیں۔ میسی نے ہر طرز کے 778 مقابلوں میں شرکت کی اور وہ 672 گول کر سکے۔
سال 2017 میں میسی اور بارسلونا کے درمیان ہونے والا آخری معاہدہ اخبار ایل مندو کے مطابق کھیلوں کی دنیا کا مہنگا ترین معاہدہ تھا۔ جریدے فوربز نے سال 2021 میں میسی کو دنیا بھر میں آمدن کے لحاظ سے دوسرا سب سے بڑا اتھلیٹ قرار دیا تھا۔ رواں سال ان کی آمدن 13 کروڑ ڈالرز رہنے کی توقع ہے۔