کراچی میں نجی سکیورٹی کمپنی کا وین ڈرائیور 20 کروڑ روپے لے اُڑا

پولیس کے مطابق ایک نجی سکیورٹی کمپنی کے اہلکار رقم کی منتقلی کے لیے بینک کے اندر گئے تو وین ڈرائیور پیچھے سے گاڑی لے کر فرار ہو گیا۔

پولیس ملزم کو اس کے ٹیلی فون کے ذریعے تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہے (اے ایف پی فائل فوٹو)

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پولیس کے مطابق ایک نجی سکیورٹی کمپنی کا ڈرائیور نجی بینک کے 20 کروڑ روپے لے کر فرار ہوگیا۔

میٹھادر تھانے میں درج ایف آئی آر کے مطابق یہ رقم کمپنی کے 13 حفاظتی بلیو کیش باکسز میں رکھی ہوئی تھی جنہیں ڈارئیور لے گیا۔ 

میٹھادر تھانے کے ڈیوٹی افسر غلام حسین کے مطابق یہ واقعہ پیر، نو اگست کو پیش آیا۔

انہوں نے بتایا کہ ’نجی سکیورٹی کمپنی کی گاڑی ایک نجی بینک کی 20 کروڑ روپے مالیت کی رقم لے کر ڈیلیور کرنے طارق روڈ سے روانہ ہوئی، جو آئی آئی چندریگر روڈ اور ویسٹ وہارف کی برانچوں میں دینی تھیں۔

’جب آئی آئی چندریگر روڈ پر گاڑی پر موجود گارڈز 50 ہزار روپے کی ڈیلیوری کرنے گاڑی سے اتر کر بینک میں گئے تو ڈرائیور حسین شاہ 20 کروڑ روپے مالیت کی رقم سمیت وین لے کر فرار ہو گئے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ بعد میں ملزم نے وین شکر گدام، مسکین گلی نزد اولڈ کوئنز روڈ کی ایک گلی میں خالی چھوڑ دیا۔ 

غلام حسین کے مطابق نجی سکیورٹی کمپنی کے مینیجر شیخ شعیب کی درخواست پر ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے، جس میں تعزیرات پاکستان کی امانت میں خیانت کی دفعات لگائی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا: ’ہم ڈرائیور حسین شاہ کے فون کو ٹریس کرنے کی کوشش کررہے ہیں، جلد ہی گرفتار کرلیں گے۔‘   

ایف آئی آر کے مطابق ملزم رقم کے ساتھ گاڑی میں رکھی دو عدد 30 بور پستول بمعہ راؤنڈ اور 12 بور رپیٹر بھی اپنے ساتھ لے گیا۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی بینکوں کی رقوم کی منتقلی نجی سیکورٹی کمپنی کی معرفت کی جاتی ہے۔

اس سے پہلے بھی نجی کمپنیوں کے گارڈز کے رقوم لے کر فرار ہونے کے واقعات رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔

جنوری 2019 میں کراچی کے علاقے ڈیفنس میں نجی بینک کے گارڈ نے کٹر اور گیس ویلڈنگ کی مدد سے 10 لاکرز کاٹ کر 65 لاکھ روپے چرا لیےتھے۔

اس کے علاوہ چند سال قبل ڈیفنس فیز ٹو ایکسٹینشن میں واقع نجی بینک میں تعینات سکیورٹی گارڈ نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے بینک کے عملے کو یرغمال بنایا اور 15 لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹ کر فرار ہوگیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان