بنی گالہ میں چوری کا انوکھا واقعہ، چور کی 'بد دعا' نہ دینے کی درخواست

15 اور 16 جنوری کی رات ایک چور اسلام آباد میں نجی ٹی وی چینل سے وابستہ صحافی جمشید خان کی گاڑی کے ٹائرز لے اڑا اور ساتھ میں رومن انگریزی میں لکھا ہوا ایک خط بھی چھوڑ گیا۔

چور صحافی جمشید خان کی گاڑی کے ٹائرز لے اڑا (تصویر: فیس بک)

اسلام آباد کے علاقے بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان کی نجی رہائش سے کچھ دور چوری کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک چور نجی ٹی وی چینل سے منسلک ایک صحافی کی گاڑی کے ٹائرز لے اڑا اور ساتھ میں ایک خط چھوڑ گیا، جس میں 'بد دعا' نہ دینے کی درخواست کی گئی ہے۔

نجی ٹی وی چینل 'پبلک نیوز' سے وابستہ صحافی جمشید خان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ 15 اور 16 جنوری کی رات دس بجے انہوں نے بنی گالہ، چیمہ لائن میں گاڑی پارک کی اور گھر چلے گئے، لیکن صبح جب ڈبل روٹی لینے باہر نکلے تو گاڑی کے ٹائرز غائب تھے۔

جمشید خان کے مطابق انہوں نے بنی گالہ پولیس کو کال کی، جس کے تقریباً ایک گھنٹے بعد ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی)  آئے اور انہوں نے گاڑی اور جائے وقوعہ کی تصاویر کھینچ کر ان سے تفصیلات معلوم کیں۔

بقول جمشید خان: 'اس دوران گاڑی کے پاس ایک کاغذ پڑا ہوا ملا، جس پر رومن انگریزی میں چور کی جانب سے نوٹ لکھا گیا تھا۔'

اس نوٹ میں چور نے لکھا: 'میں غریب بندہ ہوں، میرے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں، مجبوری میں چوری کرنا پڑی، معذرت چاہتا ہوں، بد دعا نہ دیجیے گا۔'

چوری کا یہ واقعہ چیمہ لائن میں پیش آیا ہے، جہاں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، جسٹس ریٹائرڈ رضا باقر اور دیگر افسران بھی رہائش پذیر ہیں جبکہ چیمہ لائن کے دونوں جانب نہ صرف پولیس کے ناکے ہیں بلکہ ایلیٹ فورس کی گاڑیاں بھی موجود ہوتی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جمشید خان کے مطابق: 'یہ واقعہ سوالیہ نشان اور ایک پیغام ہے کہ ملک کے معاشی حالات کس طرف جا رہے ہیں، اندرونی امن و امان کی کیا صورت حال ہے اور حکمرانوں کی ترجیحات کیا ہیں۔'

جمشید خان نے مزید کہا کہ 'ٹائر چوری کرنے والے چور کا خط میں کہنا تھا کہ وہ مجبوری میں یہ کام کر رہا ہے لہذا اسے بدعا نہ دی جائے، لیکن کیا ہمارے حکمرانوں کو بدعاؤں سے ڈر نہیں لگتا، جو ایک چور بد دعا سے ڈر رہا ہے۔'

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان