یو ایس اوپن کے فائنل میں دو ٹین ایجرز خواتین کے مقابلے میں برطانیہ کی ایما رادھوکانو نے کینیڈا کی لیلیٰ فرنینڈیز کو ہرا کر پہلا گرینڈ سلیم اپنے نام کر لیا۔
18 سالہ ایما ہفتے کو نیویارک کے آرتھر ایشلے کورٹ میں یہ ٹائٹل جیت کر 44 سالوں کے دوران خواتین کا گرینڈ سلیم جیتنے والی پہلی برطانوی خاتون بن گئیں۔
اس سے قبل 1977 میں ورجینیا ویڈ نے ومبلڈن میں فتح کے بعد گرینڈ سلیم جتنے والی پہلی برطانوی خاتون کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
ٹین ایجرز کے درمیان اس دلچسپ فائنل کی کوئی پیش گوئی نہیں کر سکتا تھا جس میں عالمی رینکنگ میں 150 نمبر پر موجود ایما نے خود سے ایک سال بڑی عالمی نمبر 73 لیلیٰ کو شکست سے دوچار کیا۔
سب سے زیادہ قابل ذکر بات یہ تھی کہ چین اور رومانیہ سے تعلق رکھنے والے والدین کی بیٹی ایما کا یو ایس اوپن میں اب تک کا سفر ایک خواب کی طرح ہے۔
وہ رینکنگ میں کافی نیچے تھیں اور مین ڈرا میں نہیں آسکتی تھیں۔ انہوں نے تین کوالیفائنگ راؤنڈز کھیلے اور پہلی کوالیفائر بنیں جو اب فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ یہ سب انہوں نے بغیرکوئی میچ ہارے کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
19 سالہ فرنینڈیز کا سفر بھی کافی کانٹے دار رہا جنہوں نے کئی تجربہ کار کھلاڑیوں کو شکست دی۔ نیومی اوساکا ان میں سے ایک ہیں۔
اس کے علاوہ ففتھ سیڈ ایلینا سویٹولینا، عالمی نمبر دو آریانا سبالنکا اور تین مرتبہ کی گرینڈ سلیم چیمپیئن انجلیک کربر کو شکست دے کر لیلیٰ نے یو ایس اوپن میں اپنی جگہ بنائی تھی۔
ایما نے بائیں ہاتھ سے کھیلنے والی 19 سالہ لیلیٰ کو دو سیٹس میں باآسانی 6-4 اور 6-3 سے شکست دے کر گرینڈ سلیم اور 25 لاکھ ڈالرز انعام حاصل کیا۔ .
میچ کے بعد ایما نے کہا: ’میں جانتی تھی کہ مجھے اس کے لیے زیادہ محنت کرنا پڑے گی۔ یہ میرے لیے ایک ناقابل یقین حد تک مشکل میچ تھا لیکن میں نے سوچا کہ چوں کہ اس کا معیار اتنا بلند ہے تو مجھے اپنے بہترین کھیل پیش کرنا پڑے گا۔‘