’بم دھمکی‘ کے باوجود انگلینڈ، نیوزی لینڈ کے درمیان میچ منسوخ نہ ہوا؟

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ سے قبل ملنے والے اس تھریٹ کے بارے میں نیوزی لینڈ کرکٹ کا خیال ہے کہ یہ ’غیرمصدقہ‘ دھمکی ہے۔

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام پانچ بجے کھیلا جائے گا (اے ایف پی/ فائل فوٹو)

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی وومن ٹیمز کے درمیان لیسٹر میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ میچ سے قبل ملنے والے سکیورٹی تھریٹ کے باوجود میچ اپنے وقت پر شروع ہونے کا امکان ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ سے قبل ملنے والے اس تھریٹ کے بارے میں نیوزی لینڈ کرکٹ کا خیال ہے کہ یہ ’غیرمصدقہ‘ دھمکی ہے۔

ان ٹیموں کا تعلق انہی ممالک سے ہے جو حال ہی میں ’ایسی‘ ہی وجوہات کا حوالہ دے کر پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر چکے ہیں۔

نیوزی لینڈ کی مردوں کی کرکٹ ٹیم گذشتہ ہفتے ’سکیورٹی الرٹ‘ کی بنا پر ہی پاکستان سے بنا کوئی میچ کھیلے واپس روانہ ہو گئی تھی، اور یہ فیصلہ ان کی جانب سے یکطرفہ طور پر پہلے ایک روزہ میچ سے چند گھنٹے قبل کیا گیا تھا۔

جبکہ گذشتہ شب انگلینڈ کی جانب سے بھی دورہ پاکستان کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ انگلینڈ کی مردوں اور خواتین کی ٹیموں نے اکتبور میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا۔

کرکٹ ویب سائٹ ایس ایس پی این کرک انفو کے مطابق نیوزی لینڈ ٹیم مینجمنٹ کے ایک رکن کو انگلینڈ کے خلاف میچ سے قبل رابطہ کر کے بتایا گیا تھا کہ ان کی ٹیم کے ہوٹل میں بم رکھا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق انہیں یہ بھی کہا گیا تھا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کی واپسی کے موقع پر ان کے طیارے میں بھی بم رکھے جانے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔

تاہم اس دھمکی کے باوجود انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیموں کے درمیان تیسرا میچ منسوخ نہیں کیا گیا اور امکان ہے کہ میچ اپنے مقررہ وقت پر ہی کھیلا جائے گا۔

اس دھمکی کے بعد ٹیم کو پیر کا دن لاک ڈاؤن میں گزارنا پڑا اور پولیس، انسداد دہشت گردی کے اداروں کو طلب کیا گیا، جنہوں نے چند گھنٹے اس حوالے سے مشاورت کی کہ آیا اس میچ کو منسوخ کردیا جائے یا نہیں۔

اس حوالے سے نیوزی لینڈ کرکٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’جیسا کہ رپورٹ ہوا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو نیوزی لینڈ کے حوالے سے ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے۔ تاہم اس میں واضح طور پر نیوزی لینڈ کا ذکر نہیں، اس ے سنجیدگی سے لیا گیا، تحقیقات کی گئیں اور اس غیرمصدقہ پایا گیا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

خیال رہے کہ اس دھمکی کے بعد نیوزی لین کی ٹیم نے پیر کو ٹریننگ بھی نہیں کی جس کے بارے میں ترجمان کا کہنا تھا کہ انہیں اس روز ٹریننگ کرنی ہی نہیں تھی۔

تاہم بعض کھلاڑیوں نے اس میچ کے حوالے سے ہچکچاہٹ کا اظہار ضرور کیا تھا۔

اس خبر کے سامنے آنے کے بعد انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈز کو ایک بار پھر سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان پاکستان سے متعلق دوہرا معیار اپنانے کا الزام لگایا جا رہا ہے۔

اس کی وجہ دونوں بورڈز کی جانب سے پاکستان کا دورہ منسوخ کرنا ہے۔ 

انگلینڈ بورڈ نے گذشتہ شب دورہ پاکستان منسوخ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہمارے کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کی ذہنی اور جسمانی صحت ہمیشہ ترجیح رہے گی اور خاص طور پر، جس صورت حال سے ہم اس وقت گزر رہے ہیں۔‘

’ہم سمجھتے ہیں کہ اس فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مایوسی ہوگی، جس نے بین الاقوامی کرکٹ کی اپنے ملک میں واپسی کے لیے ان تھک محنت کی ہے۔‘

انگلینڈ کے بیان میں مزید کہا گیا: ’اس فیصلے سے پاکستان میں کرکٹ پر جو اثر پڑے گا، ہم اس کے لیے معذرت خواہ ہیں۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ