دورہ پاکستان منسوخ: ’انگلینڈ کے وعدے سے پیچھے ہٹنے پر مایوسی ہوئی‘

نیوزی لینڈ کے ’سکیورٹی وجوہات‘ کی بنا پر اچانک سیریز منسوخ کرنے کے بعد اب انگلینڈ نے بھی اپنا دورہ پاکستان ختم کرنے کا اعلان کیا ہے جس پر پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ نے انگلینڈ سے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز سے قبل پریکٹس کے دوران فخر زمان پاکستانی پرچم لیے راولپنڈی سٹیڈیم میں موجود (اے ایف پی)

نیوزی لینڈ کی جانب سے ’سکیورٹی وجوہات‘ کی بنا پر اچانک سیریز منسوخ کیے جانے کے بعد اب انگلینڈ نے بھی خواتین اور مردوں کی کرکٹ ٹیموں کا دورہ پاکستان ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’اختتام ہفتہ پر بورڈ نے ایک اجلاس کے دوران پاکستان میں انگلینڈ کی ویمنز اینڈ مینز کے  کھیلے جانے والے ایکسٹرا میچز کو نہ چاہتے ہوئے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

بورڈ کے مطابق: ’رواں سال کے آغاز میں ہم نے پاکستان کے خلاف اکتوبر میں دو ٹی ٹوئنٹی میچز ورلڈ کپ سے قبل بطور وارم میچز کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔‘

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز آئندہ ماہ کھیلی جانی تھی۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے مزید کہا: ’ہمارے کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کی ذہنی اور جسمانی صحت ہمیشہ ترجیح رہے گی اور خاص طور پر، جس صورت حال سے ہم اس وقت گزر رہے ہیں۔‘

’ہم سمجھتے ہیں کہ اس فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مایوسی ہوگی، جس نے بین الاقوامی کرکٹ کی اپنے ملک میں واپسی کے لیے ان تھک محنت کی ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان کے مطابق: ’انہوں نے (پی سی بی نے) گذشتہ دو سمرز میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جو مدد کی، وہ دوستی کا بہترین مظاہرہ تھا۔‘

انگلینڈ کے بیان میں مزید کہا گیا: ’اس فیصلے سے پاکستان میں کرکٹ پر جو اثر پڑے گا، ہم اس کے لیے معذرت خواہ ہیں۔‘

نیوزی لینڈ کی جانب سے عین میچ شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل ’سکیورٹی وجوہات‘ کی بنا پر سیریز منسوخ کیے جانے کے بعد پہلے ہی شبہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ انگلینڈ بھی دورہ پاکستان منسوخ کر سکتا ہے۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے حوالے سے مزید بتایا گیا: ’ہم خطے کا سفر کرنے کے حوالے سے تحفظات سے آگاہ ہیں اور ہمارے خیال میں اس دورے سے ٹیم پر جو پہلے ہی کرونا کی وجہ سے سخت پابندیوں کے ماحول سے گزر رہی ہے، مزید دباؤ بڑھے گا۔‘

انگلینڈ کی جانب سے بھی دورہ منسوخ کرنے کے اعلان پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’انگلینڈ کے اپنے وعدے سے پیچھے ہٹنے پر مایوسی ہوئی ہے۔‘

ایک ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ’کرکٹ برادری کے ایک رکن کو اس وقت مایوس کیا جب اسے اس کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔‘

رمیز راجہ نے اپنی ٹویٹ میں مزید لکھا: ’ہم انشا اللہ اس سے نکل جائیں گے۔‘

ان کے مطابق یہ پاکستان ٹیم کے لیے ایک ’ویک اپ کال‘ ہے کہ وہ ایسی بہترین ٹیم بن کر دکھائیں کہ دوسری ٹیمیں ان کے ساتھ کھیلنے کے لیے بہانے بنائے بغیر آئیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل