ترکی کی دراز قامت خاتون گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل

گنیز ورلڈ ریکارڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ترک خاتون کا لمبا قد وِیورسینڈروم نامی حالت کی وجہ سے ہے، جو ایک انتہائی نایاب حالت ہے۔

رمیصا گل جی  اپنے والدین کے ہمراہ (تصویر:گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ ویب سائٹ) 

ترکی کی رمیصا گل جی نے دنیا کی سب سے طویل قامت زندہ خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ ان کا قد سات فٹ سات انچ ہے اور ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

العربیہ اردو کے مطابق 24 سالہ رمیصا گل جی نے پہلی بار 2014 میں گنیز ورلڈ ریکارڈز کا ٹائٹل حاصل کیا تھا۔ اس وقت ان کی عمر 17 سال تھی اور انہیں سب سے طویل قامت نوعمر لڑکی ہونے کا اعزاز دیا گیا تھا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ترک خاتون کا لمبا قد وِیورسینڈروم نامی حالت کی وجہ سے ہے۔ یہ ایک انتہائی نایاب حالت ہے اور یہ دیگر غیرمعمولی بیماریوں بشمول سکیلیٹل کی پختگی میں تیزی سے اضافے کا سبب بنتی ہے۔

2014میں گنیز ورلڈ ریکارڈز میں سب سے طویل قامت لڑکی کا اعزاز پانے کے بعد سے رمیصا گل جی اپنے اس ٹائٹل کو دوسروں میں غیرمعمولی طبی صورت حال کا شکار لوگوں کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہیں تاکہ لوگ ان کے نایاب طبی حالات کے بارے میں آگاہ ہوسکیں۔

ان کا کہنا ہے: ’ہر نقصان کو اپنے لیے ایک فائدے میں تبدیل کیا جاسکتا ہے، لہٰذا اپنے آپ کو قبول کریں کہ آپ کون ہیں؟ اپنی صلاحیت کو پہچانیں اور اس سے آگاہ رہیں اور اپنے لیے کچھ بہتر کرنے کی کوشش کریں۔‘

رمیصا گھومنے پھرنے کے لیے وہیل چیئر کا استعمال کرتی ہیں لیکن وہ واکر کا استعمال کرتے ہوئے بھی چل سکتی ہیں۔ وہ بتاتی ہیں کہ جب وہ کسی سڑک پر چل رہی ہوں تو ان کا قد لوگوں کو تجسس میں ڈال دیتا ہے۔ البتہ زیادہ تر لوگ جب پہلی بار ان سے ملتے ہیں تو شفقت سے پیش آتے ہیں اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

اپنے فارغ وقت میں رمیصا اپنے خاندان کے ساتھ کھانے کے لیے گھر سے باہر جانا پسند کرتی ہیں۔ وہ بتاتی ہیں کہ تیراکی انہیں فی الواقع آرام میں مدد دیتی ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے ایڈیٹر انچیف کریگ گلینڈے کا کہنا ہے کہ ’رمیصا کا ریکارڈ بک میں واپس آنا اعزاز کی بات ہے۔‘ ان کے حوالے سے کہا گیا کہ ہجوم میں باہر کھڑے ہونے پر ان کا ناقابل تسخیر جذبہ اور فخر ایک قوتِ محرکہ ہے۔

ان کے بقول سب سے طویل قامت زندہ خاتون کا زمرہ ایسا نہیں ہے، جو اکثر تبدیل ہوتا رہتا ہے اور کسی ایک طویل قامت خاتون کی جگہ جلد کوئی اور نئی خاتون نہیں لیتی ہے، لہٰذا وہ بخوشی اور پرجوش انداز میں اس خبر کو دنیا کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گلینڈے بتاتے ہیں کہ یہ ریکارڈ ایک اور وجہ سے ’مزید دلچسپی‘ کا باعث ہے، کیونکہ دنیا میں سب سے طویل قامت زندہ مرد کا اعزاز رکھنے والے شخص کا تعلق بھی ترکی سے ہے۔

دنیا کے سب سے طویل مرد سلطان کوسین کا قد 251 سینٹی میٹر (8 فٹ 2.8 انچ) ہے اور انہیں آٹھ فروری 2011 کو دنیا کا سب سے طویل قامت مرد ہونے کا اعزاز دیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کی طویل قامت افراد کی 67 سالہ تاریخ کا ایک نادر واقعہ ہے۔ آخری بار 2009 میں دونوں طویل قامت مرد وخواتین کا ایک ہی قومیت سے تعلق تھا۔

تب چین کے باؤژی شون 236.1 سینٹی میٹر(7 فٹ 8.95 انچ) اور یاؤڈیفن 233.3 سینٹی میٹر (7 فٹ 7 انچ) نے بالترتیب سب سے طویل قامت مرد اورعورت ہونے کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

اس سے پہلے دنیا کی طویل قامت خاتون ہونے کا اعزاز چین کی یاؤ ڈیفن ہی کے پاس تھا۔ 2010 میں آخری بار ان کا قد سات فٹ سات انچ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اب تک کی سب سے طویل خاتون ژینگ جنلیان کا تعلق بھی چین سے تھا۔ ان کے قد کی پیمائش 246.3 سینٹی میٹر (8 فٹ 1 انچ) ریکارڈ کی گئی تھی۔ وہ 13 فروری 1982 کو وفات پا گئی تھیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی سٹائل