بابر نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے تینوں میچ ’شدید پریشانی‘ میں کھیلے: والد

پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے والد نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ میچ کے دوران بابر کی والدہ ہسپتال میں انتہائی نگہداشت وارڈ میں تھیں اور بابر نے ان ہی کی پریشانی میں سارے میچ کھیلے ہیں۔

29 اکتوبر ، 2021کو افغانستان کے خلاف میچ میں بابر اعظم، جن کی والدہ شدید بیمار ہیں (اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے والد نے انکشاف کیا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف انتہائی اہم میچ کے موقعے پر بابر کی والدہ آپریشن کے بعد انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں تھیں۔

بابر نے اس میچ میں (68 رنز ناٹ آؤٹ) اور وکٹ کیپر اوپنر محمد رضوان (79 ناٹ آؤٹ) نے 152 رنز کا اوپننگ سٹینڈ شیئر کرتے ہوئے روایتی حریف کو باآسانی 10 وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔

بابر کے والد اعظم صدیق نے ہفتے کو ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ ان کے بیٹے نے تینوں میچ ’شدید ذہنی پریشانی میں‘ کھیلے۔

اعظم صدیق نے تینوں میچ جیتنے پر قوم کو مبارک باد دی اور کہا کہ قوم کے لیے کچھ سچ جاننے کا وقت آگیا ہے۔

انہوں نے لکھا: ’ہمارے گھر پر بڑا امتحان تھا، جس دن بھارت کے خلاف میچ تھا، اس دن بابر کی والدہ شدید نگہداشت میں تھیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستانی کپتان کی والدہ کا آپریشن ہوا تھا لیکن اس کے بعد وہ صحت یاب ہو گئی ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ وہ متحدہ عرب امارات میں بابر کی ہمت بڑھانے کے لیے آئے ہیں۔

پاکستان نے ٹورنامنٹ میں اب تک اپنے تینوں سپر 12 میچ جیت لیے ہیں اور اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے روشن امکانات ہیں۔

پاکستان کا اگلا مقابلہ منگل کو ابوظہبی میں نمیبیا سے ہوگا۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ