بابر اعظم 2020 کے سب سے قابل قدر کھلاڑی قرار

پی سی بی کے مطابق محمد رضوان کو ’ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر‘ جبکہ فواد عالم کو ’بہترین انفرادی کارکردگی‘ کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

بابر  اعظم نے ’وائٹ بال کرکٹر آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا (اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو سال کا سب سے قابل قدر کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ بابر نے تینوں طرز کی کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ گذشتہ سال ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں بالترتیب 110.5اور 55.2 کی اوسط سے رنز بنانے والے بابر نے ’وائٹ بال کرکٹر آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔ انہوں نے چار ٹیسٹ میچوں میں 67.6 کی اوسط سے 338 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو ’ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر‘ قرار دیا گیا۔ انہوں نے گذشتہ سال طویل طرز کی کرکٹ میں 302 رنز بنائے، جہاں پانچ ٹیسٹ میچوں میں انہوں نے چار نصف سنچریاں بنائیں، اس دوران انہوں نے وکٹوں کے پیچھے بھی 12 شکار کیے۔

بیان کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ماؤنٹ منگنوئی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر فواد عالم کو ’بہترین انفرادی کارکردگی‘ کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر عالیہ ریاض کو ’ویمنز کرکٹر آف دی ایئر‘ اور 19 سالہ فاطمہ ثنا کو ’ایمرجنگ ویمنز کرکٹر آف دی ایئر‘ قرار دیا گیا۔

17 سالہ نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کو سال کا بہترین ’ایمرجنگ انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ دیا گیا۔ وہ آٹھ ٹیسٹ میچوں میں 20 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، جس میں ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔ یہ کارنامہ انہوں نے گذشتہ سال بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں سرانجام دیا تھا۔

’ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ خیبرپختونخوا کے کامران غلام نے جیتا۔وہ رواں سیزن کے دوران قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں ایک ہزار رنز بنانے والے واحد کھلاڑی ہیں۔انہوں نے ایونٹ کے 10 میچوں کی 19 اننگز میں 1065 رنز بنائے، جس میں چار سنچریاں اور چار نصف سنچریاں شامل ہیں۔

پاکستان انڈر 19 اور پاکستان شاہینز کے کپتان روحیل نذیر کو ’ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ دیا گیا۔ یکم ستمبر، 2019 سے 31 دسمبر، 2020 پر مشتمل اس عرصے میں روحیل نذیر نے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ، ایمرجنگ ایشیا کپ، ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020، قائداعظم ٹرافی 2019، آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020، دو نیشنل ٹی ٹونٹی کپ اورپاکستان شاہینز کی جانب سے کھیلتے ہوئے 1260 رنز بنائے اور وکٹوں کے پیچھے 48 شکار کیے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

میچ ریفریز اور چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ہیڈ کوچز نے آصف یعقوب کو ’امپائر آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ دیا۔ بنگلہ دیش کے خلاف 0-2 سے ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کو حریف ٹیم کے ڈریسنگ روم کا دورہ کرنے پر ’سپرٹ آف دی کرکٹ‘ کا ایوارڈ دیا گیا۔

پی سی بی کے مطابق آزاد جیوری نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے تمام میچز کے پاکستان میں انعقاد کو کارپوریٹ اچیوومنٹ ایوارڈ آف دی ایئر دیا۔ ایوارڈز جیتنے والے کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے دوران خصوصی ٹرافیز سے نوازا جائے گا۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ