آسٹریلیا نے اپنا پہلا ٹی 20 ورلڈ کپ جیت لیا

آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کا 173 رنز کا ہدف محض دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم چار مرتبہ  ٹی 20 ورلڈ کپ  جیت چکی ہے جبکہ مردوں کی ٹیم کو یہ اعزاز پہلی مرتبہ ملا ہے(اے پی)

آسٹریلیا نے اتوار کو آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کو باآسانی آٹھ وکٹوں سے ہرا کر پہلی مرتبہ یہ ٹائٹل جیت لیا۔

پانچ مرتبہ ون ڈے ورلڈ کپ کی فاتح آسٹریلیا نے آج دبئی میں ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

نیوزی لینڈ نے کپتان کین ویلیم سن کے شاندار 85 رنز کی بدولت چار وکٹوں کے نقصان پر چیلنجنگ 172 رنز بنائے۔

ویلیم سن نے، جن کا کیچ 21 رنز پر گر گیا تھا، ابتدا میں سنبھل کر کھیلنے کے بعد عمدہ پرفارمنس دکھاتے ہوئے 48 گیندوں پر 85 رنز بنائے۔ 

یہ ان کی اس ٹورنامنٹ میں پہلی نصف سینچری تھی۔ نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 28 رنز اور دوسری 76 رنز پر گری۔

اس موقعے پر ویلیم سن نے گلین فلپس کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے 68 رنز جوڑے، جس نے بڑا سکور کھڑا کرنے کی بنیاد فراہم کی۔

آسٹریلوی بولرز میں جاش ہیزل وڈ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 16 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ صرف ایڈم زمپا ایک وکٹ لے سکے۔

جاش ہیزل وڈ نے اعتراف کیا کہ کین بہت ہی عمدہ کھلاڑی ہیں۔ ’یہ ان کی ایک اور کلاسک اننگز تھی، جس میں میدان کے ہر طرف رنز بنے۔ اگر آپ خراب بولنگ کریں تو وہ بخشتے نہیں۔‘

جواب میں آسٹریلیا کا آغاز بھی اچھا نہیں تھا اور ایرون فنچ 15 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔

ایسے میں ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے دوسری وکٹ کے لیے 92 قیمتی رنز جوڑے۔ وارنر 38 گیندوں پر 53 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مارش نے گلین میکس ویل کے ساتھ مل کر یقینی بنایا کہ نیوزی لینڈ خطرہ نہ بنے۔

دونوں نے کھل کر کیوی بولرز کی پٹائی کی اور کسی موقعے پر انہیں حاوی نہ ہونے دیا۔

مارش نے 77 رنز اور میکس ویل نے 28 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے بولٹ نے دو وکٹیں لیں۔

آسٹریلیا کے میتھیو ویڈ نے میڈیا سے گفتگو میں اسے ایک بڑی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ’مجھے ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ بہت سے لوگوں نے ہمیں اہمیت نہیں دی تھی لیکن ہم نے کہا تھا کہ یہ پہلی ٹیم ہو گی جو آسٹریلیا کے لے یہ کر گزرے گی۔ آج بہت خاص محسوس ہو رہا ہے۔‘

کیوی کپتان نے کہا کہ آسٹریلیا ایک عمدہ ٹیم ہے جس نے بہترین مہم چلائی اور سب کچھ بدل ڈالا۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم چار مرتبہ 2010، 2012، 2014، 2020 میں یہ ٹائٹل جیت چکی ہے جبکہ مردوں کی ٹیم کو یہ اعزاز پہلی مرتبہ ملا ہے۔

وارنر کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جنھوں نے فائنل میچ میں نصف سینچری کے علاوہ پورے ایونٹ میں سات میچ کھیلتے ہوئے 48.16 کی اوسط سے 289 رنز بنائے۔

وارنر کو بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملنے پر سوشل میڈیا پر اعتراض کیا جا رہا ہے اور ان میں شعیب اختر بھی شامل ہیں، جنھوں نے پاکستانی کپتان بابر اعظم کو یہ اعزاز نہ دینے کو ’غیر منصفانہ‘ قرار دیا ہے۔

بابر نے اس ایونٹ میں چھ میچ کھیلتے ہوئے 60.60 کی اوسط سے 303 رنز بنائے ہیں۔

آج فائنل میچ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل رہا اور صارفین نے کچھ دلچسپ ٹوئٹس کیں۔

طیبہ رزاق نامی ہینڈل سے کی گئی ایک ٹویٹ میں ایک میم شیئر کیا گیا جس میں لکھا تھا: ’اتوار کے میچ کے بارے میں پاکستانیوں کی امیدیں اور حقیقت۔‘

اسی طرح عاقد نامی صارف نے شاہین شاہ آفریدی کی فوٹوشاپڈ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’پاکستانی شائقین کسی دباؤ کے بغیر فائنل میچ سے لطف اندوز ہوتے ہوئے۔‘

’میمز بائے زین‘ ہینڈل نے فائنل کے برصغیر کے ’موڈ‘ کے بارے میں میم شیئر کی جس میں لکھا تھا ’یہ بھی کوئی فائنل ہے بھائی؟‘

جے چوہان 2705 ہینڈل سے کیے گئے ٹویٹ میں برصغیر کے شائقین کی صورتحال بیان کی گئی جس میں ’جو بھی جیتے، کرکٹ کی جیت ہو گی‘ کو بہترین آپشن بیان کیا گیا۔

پاکستان کے سابق کپتان اور تیز بولر وسیم اکرم  نے ٹوئٹر پر آسٹریلیا کی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنی آسٹریلوی اہلیہ کو بھی ’ویل ڈن‘ کہا۔

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ