بارباڈوس نے گلوکارہ ریحانہ کو قومی ہیرو قرار دے دیا

33 سالہ ریحانہ بارباڈوس کے علاقے سینٹ مائیکل میں پیدا ہوئیں اور دارالحکومت برج ٹاؤن میں پرورش پائی، وہ ایک غریب گھرانے میں پلی بڑھیں۔ امریکی پروڈیوسر ایوان راجرز نے ان کی صلاحیتوں کو پہچانا جس کے بعد وہ شہرت کی بلندیوں تک پہنچ گئیں۔

گلوکارہ ریحانہ نومبر 2019 کی اس تصویر میں اپنی سوانح حیات کی افتتاحی تقریب منعقدہ نیویارک میں شریک ہیں۔ (تصویر: روئٹرز)

کیریبین  ملک بارباڈوس نے آج گلوکارہ، اداکارہ اور دنیا کی مشہور فیشن ڈیزائنر ریحانہ کو اپنا قومی ہیرو قرار دینے کا اعلان کیا ہے، یہ اعزاز انہیں کل بروز بدھ دیا جائے گا۔

بارباڈوس نے نومبر2021 میں اپنی آزادی کا اعلان کیا اور برطانوی شاہی پرچم کو بھی سلطنت کے اہم مقامات سے اتار لیا گیا۔

دنیا کے نئے جمہوری ملک نے متعدد گریمی ایوارڈز جیتنے والی گلوکارہ اور کاروباری خاتون کو سال 2018 میں سفیر ’غیر معمولی‘ کا خطاب دیا تھا اور انہیں تعلیم اور سیاحت کی حوصلہ افزائی کا کام سونپا تھا۔

منگل کے روز ہونے والی تقریبات میں وزیر اعظم میا موٹلی نے کہا کہ ’امبریلا‘ گانے والی اداکارہ نے ’اپنی تخلیقی صلاحیتوں، اپنے نظم و ضبط اور سب سے بڑھ کر اپنی پیدائش کی سرزمین کے ساتھ اپنی غیر معمولی وابستگی کے ذریعے دنیا کے تصور کو بہترین بنایا۔‘ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ اعزاز انہیں بدھ کی صبح دیا جائے گا۔

موٹلی نے گلوکارہ کو اپنے ساتھ کھڑے ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا:’ایک شکر گزار قوم کی طرف سے، ہم آپ کو بارباڈوس کے قومی ہیرو کے لیے نامزد سفیر، روبین ریحانہ فینٹی پیش کرتے ہیں۔‘

انہوں نےگلوکارہ کے مشہور گانے’ڈائمنڈز‘ کو سرہاتے ہوئے کہا کہ ’ آپ ہیرے کی طرح چمکتی رہیں، اپنے الفاظ اور اپنے کام کے لیے جہاں کہیں بھی جائیں، اپنی قوم کے لیےعزت لاتی رہیں۔‘

33 سالہ ریحانہ بارباڈوس کے علاقے سینٹ مائیکل میں پیدا ہوئیں اور دارالحکومت برج ٹاؤن میں پرورش پائی، وہ ایک غریب گھرانے میں پلی بڑھیں۔ امریکی پروڈیوسر ایوان راجرز نے ان کی صلاحیتوں کو پہچانا جس کے بعد وہ شہرت کی بلندیوں تک پہنچ گئیں۔

ریحانہ  نے میوزک کی دنیا میں کامیابی کو میک اپ اور فیشن کی سلطنت میں بدل دیا، جس کی کمائی نے اب میڈونا اور بیونس جیسے دیگر میگا اسٹارز کو پیچھے چھوڑ دیا۔

فوربز نے اگست میں اندازہ لگایا کہ ان کی مالیت 1.7 بلین ڈالر ہے، جس میں سے تقریباً 1.4 بلین ڈالر ان کی کاسمیٹکس کمپنی فینٹی بیوٹی کی مالیت سے آتے ہیں، جو کہ فرانسیسی فیشن کمپنی LVMH کے ساتھ شراکت داری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ریحانہ کو ’دنیا کے لیے ایک علامت‘ کے طور پر پہلی قومی ہیرو قرار دینے کے لیے منتخب کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

قومی ہیرو قرار دیے جانے کے بعد ریحانہ 10 دیگر باربیڈینز کے ایک منتخب گروپ میں شامل ہوگئی ہیں۔

اس گروپ میں گارفیلڈ سوبرز بھی شامل ہیں، جنہیں اب تک کے عظیم ترین کرکٹرز میں سے ایک اور واحد زندہ قومی ہیرو سمجھا جاتا ہے۔ سوبرز بھی تقریب میں موجود تھے اور انہوں نے ریحانہ کو گلے لگایا۔

ریحانہ بارباڈوس کے لوگوں کی طرف سے جمع کرائی گئی قومی ہیرو کے لیے بہت سی نامزدگیوں میں شامل تھی اور وزیراعظم نے کہا کہ دیگر کا نام اگلے سال قومی ہیروز کے دن کے لیے رکھا جائے گا۔

کرونا وبا کی وجہ سے آزادی کی تقریب میں عام لوگوں کو شرکت کی اجازت نہیں تھی، تاہم پابندیوں کو نرم کردیا گیا تھا تاکہ عوام آتش بازی اور تہوار سے لطف اندوز ہوں۔

برطانیہ کے شہزادہ چارلس بھی اعزازی مہمان کے طور پر تقریب میں شریک تھے، جنہوں نے نوآبادیاتی حکمرانی کے تحت ’غلامی کے خوفناک مظالم‘ کا اعتراف کیا جو جزیرے نے برداشت کیے تھے۔

زیادہ پڑھی جانے والی خواتین