اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے باہر دہشت پھیلانے والا مسلح شخص گرفتار

نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کے مطابق بظاہر 60 سالہ شخص کے پاس موجود پستول کا رخ ان کی گردن کی طرف تھا۔

دو   دسمبر 2021 کو نیویارک شہر میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کے اراکین جمع ہیں۔ جمعرات کو ایک مسلح شخص کی موجودگی کے باعث پولیس نے علاقے کو  گھیرے میں لے لیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

نیو یارک پولیس نے جمعرات کو اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے باہر ایک مسلح فرد کو گرفتار کرلیا، جس کی دہشت کے باعث کئی گھنٹوں تک علاقے کا محاصرہ جاری رہا۔

 خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق لائیو ویڈیو میں مسلح فرد کی وجہ سے مین ہٹن کے ایسٹ سائیڈ میں واقعے عمارت کے چاروں طرف پولیس کی بھاری نفری دیکھنے میں آئی۔

نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے بتایا کہ پولیس اس شخص کے ساتھ بات چیت کرنے کی کوشش کرتی رہی، جو بظاہر 60 سال کے قریب کا تھا اور ان کے پاس موجود پستول کا رخ گردن پر تھا۔

 اس واقعے کے دوران پولیس نےٹریفک کا رخ موڑ دیا۔

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے میڈیا نمائندوں کو بتایا: ’ہمیں بالکل اندازہ نہیں ہے کہ یہ شخص عملے کا رکن ہے یا سابق رکن ہے یا کسی بھی طرح سے اقوام متحدہ سے منسلک ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے رپورٹ کیا کہ اقوام متحدہ کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مسلح شخص نے عمارت کے ایک مرکزی دروازے کے سامنے خود کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔

تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسلح پولیس نے مذکورہ شخص کو گھیر رکھا ہے، جب وہ دو گھنٹے سے زیادہ پستول تھامے فٹ پاتھ سے اوپر اور نیچے چل رہا تھا۔

نیو یارک پولیس کی ایک ترجمان نے بتایا: ’اس واقعے میں شامل ایک مرد ہماری حراست میں ہے۔‘

اقوام متحدہ نے عملے کو پہلے ہی آگاہ کردیا تھا کہ علاقے کو پولیس نے محفوظ کرلیا ہے اور ’اقوام متحدہ کے کسی عملے یا ساتھیوں کو خطرہ نہیں ہے۔‘

اے ایف پی کے مطابق پولیس کی مسلح فرد کی گرفتاری اور اس واقعے سے اقوام متحدہ کے اجلاسوں میں کوئی خلل نہیں پڑا۔

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا