سعودی عرب میں خواتین کے اونٹوں کا ’مقابلہ حسن‘

ریاض میں ہونے والے کنگ عبدالعزیز کیمل فیسٹیول کے چھٹے ایڈیشن میں پہلی مرتبہ 34 خواتین نے حصہ لیا۔

ریاض میں شاہ عبد العزیز فیسٹیول میں پہلی بار خواتین کو حصہ لینے اور اپنے اونٹوں کی نمائش کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

کنگ عبدالعزیز کیمل فیسٹیول جو کہ ریاض کے شمال مشرق میں منعقد ہوا میں اونٹوں کی خوبصورتی کے مقابلے کے بعد ججوں نے مقابلے کے نتائج کا اعلان کیا۔

اس مقابلے چھٹے ایڈیشن میں پہلی مرتبہ 34 خواتین نے حصہ لیا۔

عرب نیوز کے مطابق جزیرہ نما عرب کے مقامی لوگوں میں مشہور نسل کے المغطیر اونٹ ان مقابلوں میں شامل تھے۔

عرب میں مشہور بدو قبائل المغطیر کو تین مختلف رنگوں یعنی سفید، بھورے اور سرخ رنگ کے اونٹوں میں تقسیم کرتے ہیں اور ان کے رنگوں کی نسبت سے ہی انہیں نام دیے جاتے ہیں۔

کنگ عبدالعزیز کیمل فیسٹیول میں خواتین کے مقابلوں میں هياء العسكر پہلے، رسماء الدوسري دوسرے اور ملاذ بنت عون تیسرے جبکہ چوتھے نمبر پر لمياء الرشيدي اور پانچویں نمبر پر دلال بنت عبدالله العتيبي کے اونٹ ہیں۔

سرفہرست پانچ خواتین شرکا کو کل ایک ملین ریال کی انعامی رقم دی گئی ہے۔

 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

الرشيدي نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان مقابلوں میں شریک ہونے والی پہلی خواتین میں شامل ہونے پر بہت خوش ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں خواتین کو یہ زبردست موقع فراہم کرنے پر شاہ سلمان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔ میں آئندہ سال دوبارہ شرکت کرنا چاہوں گی اور امید ہے کہ پہلے نمبر پر آؤں۔‘

مقابلے میں حصہ لینے والی ایک اور خاتون کا کہنا تھا کہ ’میں تمام خواتین کو دعوت دیتی ہوں کہ وہ اس مقابلے میں حصہ لیں اور میرے لیے فخر کی بات ہے کہ میرا اونٹ سرفہرست دس اونٹوں میں شامل ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا