زیادہ عمر کے کھلاڑی: پاکستان کے دو اہم کرکٹ ٹورنامنٹ معطل

پی سی بی نے زائد العمر کھلاڑیوں کی وجہ سے کراچی اور ملتان میں جاری نیشنل انڈر 13 اور نیشنل انڈر 16 ٹورنامنٹ معطل کر دیے۔

کراچی میں انڈر 19 کے ہائی پرفارمنس کیمپ  میں ایک پریکٹس میچ کی تصویر (پی سی بی ویب سائٹ)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے زائد العمر کھلاڑیوں کی وجہ سے کراچی اور ملتان میں جاری نیشنل انڈر 13 اور نیشنل انڈر 16 ٹورنامنٹ معطل کر دیے۔

پی سی بی کے ایک اعلامیے میں بتایا گیا کہ یہ ٹورنامنٹس بورڈ کے پاتھ ویز پروگرام کا اہم جزو ہیں لہٰذا ان کی ساکھ بچانے کے لیے صرف مستحق کھلاڑیوں کو ہی کھیلنے کی اجازت دے سکتے ہیں۔

پی سی بی نے دونوں ٹورنامنٹس میں شرکت کرنے والے تمام کھلاڑیوں کی بون ایج ٹیسٹنگ کا تیسرا راؤنڈ کروانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی بنیاد پر نئی ٹیموں کی تشکیل کے بعد یہ ٹورنامنٹس آئندہ ہفتے سے دوبارہ شروع ہوں گے۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پی سی بی ندیم خان کا کہنا ہے کہ ویڈیو شواہد سے تصدیق ہوئی ہے کہ کچھ زائد العمر کھلاڑی ان ٹورنامنٹس میں حصہ لے رہے ہیں لہٰذا ایونٹس کو معطل کرنا اور بون ایج ٹیسٹنگ کے نئے راؤنڈ کا آغاز کرنا درست ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی زائدالعمر کھلاڑیوں کو نظام میں موجود خامیوں کا فائدہ اٹھانے اور مستحق کھلاڑیوں کی حوصلہ شکنی کی اجازت نہیں دے سکتا۔

ان کا کہنا ہے کہ غلط عمر کے ساتھ ایج گروپ کرکٹ کھیلنا ایک جرم ہے جس میں سزا کے طور پر کھلاڑی کو ایونٹ سے باہر کر دیا جائے گا۔

’اس کے علاوہ  پی سی بی موجودہ نظام کا دوبارہ جائزہ لینے کے بعد اس کے پروٹوکولز مزید سخت کرکے اسے مربوط بنانے کی کوشش کرے گا، جہاں صرف درست عمر والے کھلاڑیوں کو ہی ایونٹس میں شرکت کی اجازت ہوگی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

خیال رہے کہ انڈر 16 ٹورنامنٹ میں ہر ایسوسی ایشن کی دو ٹیموں کے 300 کھلاڑی شرکت کررہے ہیں اور ان کے بون ایج ٹیسٹنگ کا عمل منگل سے بدھ تک جاری رہے گا۔

اسی طرح کراچی میں انڈر 13 کے 150 کھلاڑیوں کی بون ایج ٹیسٹنگ منگل کو مکمل کرلی جائے گی۔

تاہم ان کھلاڑیوں کو اپیل کے لیے دو روز کا وقت دیا جائے گا، جہاں انہیں دوبارہ بون ایج ٹیسٹنگ یا درست برتھ سرٹفیکیٹ اور متعلقہ دستاویزات جمع کروانے کی آپشن دی جائے گی۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ