آج کل کوچ چار اوورز کے فاسٹ بولر تیار کر رہے ہیں: بریٹ لی

شعیب اختر نے اپنے یوٹیوب چینل کے لیے بریٹ لی کا انٹرویو کیا، جس میں دونوں سٹار کھلاڑیوں نے دلچسپ باتیں کیں۔

بریٹ لی شعیب اختر کے یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے (سکرین شاٹ)

آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر بریٹ لی نے کہا ہے کہ پاکستان میں دنیا کی بہترین کرکٹ ٹیم بننے کی صلاحیت ہے اور ان کی نظر میں بابر اعظم کی کور ڈرائیو سب سے بہترین کور ڈرائیو شاٹ ہے۔

انہوں نے یہ گفتگو پاکستان کے سابق بولر شعیب اختر کے یوٹیوب چینل کے لیے کی، جس میں دونوں سٹارز نے اپنی نجی زندگی اور بین الاقوامی کرکٹ پر گفتگو کی۔

شعیب اختر اور بریٹ لی دونوں عمان میں لیجنڈز کرکٹ لیگ کے غرض سے موجود تھے۔

پاکستانی کھلاڑیوں کے حوالے سے سوال پر جہاں بریٹ لی نے بابر اعظم کی تعریف کی وہیں انہوں نے شاہین شاہ آفریدی کو بھی سراہا۔

شعیب اختر نے انٹرویو میں اپنے اور بریٹ لی کے تعلق کا بھی ذکر کیا۔ شعیب کے مطابق دنیا کو لگتا ہے کہ ان دونوں کے درمیان کوئی دشمنی ہے مگر ایسا بالکل بھی نہیں۔

بریٹ لی کا کہنا تھا کہ ’ہماری دوستی عظیم ہے اور اس دوستی کا آغاز تقریباً 20 سال پہلے ہوا تھا۔‘ شعیب کے مطابق ان کے درمیان کبھی کوئی تنازع نہیں ہوا۔

دونوں سابق فاسٹ بولرز نے انٹرویو میں اپنی کامیابی کا سہرا اپنی والدہ کو دیا۔ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ’تیز بولنگ کے لیے ہم دونوں میں جینز ہماری والدہ سے آئے۔‘

شعیب اختر کی والدہ حال ہی میں فوت ہوئی ہیں اور انٹرویو میں ان کا ذکر آنے پر شعیب اختر رنجیدہ نظر آئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے تیز بولنگ کروانے سے اپنے جسم پر ہونے والے اثرات کا بھی ذکر کیا۔

بریٹ لی نے اپنے ٹخنے اور بازو میں ہونے والی سرجریوں کا بتایا۔ بریٹ لی کے مطابق 160 کلومیٹر فی گھنٹہ بال کروانے کے لیے ہر بال پر ہمیں اپنا جسم داؤ پر لگانا پڑتا تھا۔

شعیب اختر نے بریٹ لی سے سوال کیا کہ آج کے دور میں بریٹ لی، شان ٹیٹ اور شین بانڈ جیسے تیز بولرز سامنے کیوں نہیں آ رہے تو آسٹریلوی سٹار کا کہنا تھا کہ آج کل کے کوچ بولرز کو 24 گیندوں (چار اوورز) کے لیے تیار کر رہے ہیں اور کمپیوٹرز اور ڈیٹا کا سہارا لے رہے ہیں۔

بریٹ لی کے مطابق انجری سے بچنے کا حل کم بولنگ نہیں بلکہ زیادہ بولنگ کرنا ہے جو آج کل کم ہو گیا ہے۔

بریٹ لی سے یہ بھی پوچھا گیا کہ انہوں نے پہلی بار شعیب اختر کو کب دیکھا؟ اس پر انہوں نے بتایا کہ ’1998 میں ہم کھیلنے کے بعد ایک پب میں ڈرنکس پی رہے تھے کہ ٹی وی پر ایک کالے بالوں والے شخص کو دیکھا جس کی ناک سے آگ نکل رہی تھی اور گیند بیٹسمین کے سر کو لگ رہی تھی۔

’اس وقت میں نے کسی سے پوچھا کہ یہ لڑکا کون ہے؟ جس پر مجھے بتایا گیا کہ یہ شعیب اختر ہیں، راولپنڈی ایکسپریس۔ اس دن کے بعد سے شعیب اختر کا نام ذہن نشین ہو گیا۔‘

شعیب اختر کے مطابق ان کا بریٹ لی سے پہلا ٹاکرا اس وقت ہوا جب پاکستان کی ٹیم آسٹریلیا کے دورے پر تھی اور بریٹ لی بارہویں کھلاڑی کی خدمات انجام دے رہے تھے۔

شعیب اختر کے مطابق بریٹ لی کو بارہویں کھلاڑی کے طور پر دیکھنا ریلیف ہوتا ہے کہ ان کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

شعیب اختر نے اس وقت کا بھی ذکر کیا جب انہوں نے بریٹ لی کی پسلی پر بال ماری تھی۔ شعیب کے مطابق: ’یہ ایک غلط فیصلہ تھا۔‘

اس کے بعد شعیب نے بریٹ لی کی اس بال کا بھی ذکر کیا جو شعیب کے ماتھے پر لگی تھی۔ بریٹ لی کے مطابق یہ ان کا غلط فیصلہ تھا۔

شعیب نے دوران گفتگو بتایا کہ انہوں نے سنا ہے کہ بریٹ لی سڈنی کے ریئل سٹیٹ ٹائیکون بن چکے ہیں جس پر مسکراتے ہوئے بریٹ لی نے کہا کہ انہیں رئیل سٹیٹ پسند ہے۔

آسٹریلیا کے پاکستان کے آئندہ دورے پر بات کرتے ہوئے بریٹ لی نے کہا کہ پاکستان کے شائقین کو بہت کم موقع ملا ہے آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کو کھیلتے ہوئے دیکھنے کا اور آسٹریلین ٹیم ضرور پاکستان آ رہی ہے۔

بھارت میں کام کرنے کے تجربے کے حوالے سے بریٹ لی کا کہنا تھا کہ وہاں کام کرنے کا مزہ آتا ہے۔

شعیب نے بریٹ لی سے پوچھا کہ کیا وہ پاکستان آ کر کمنٹری کریں گے تو انہوں نے کہا ضرور اور وہ شعیب کے شہر راولپنڈی آنا چاہیں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستانی کھلاڑیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے بریٹ لی نے کہا کہ ان کی نظر میں بابر اعظم کی کور ڈرائیو دنیا کی بہترین کور ڈرائیو ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم میں دنیا کی بہترین ٹیم بننے کی صلاحیت ہے مگر اعتماد کا فقدان نظر آتا ہے اور وہ چاہیں گے کہ پاکستان میں یہ اعتماد نظر آئے۔

شو کے دوران ریپڈ فائر کے دوران بریٹ لی سے پوچھا گیا کہ کس بیٹسمین کو گیند کروانا انہیں سب سے مشکل لگتا تھا اور کس بولر کا سامنا کرنا سب سے مشکل لگا۔

بریٹ لی کے مطابق بلے بازوں میں سچن ٹنڈولکر اور بولرز میں شعیب اختر کے بعد مرلی دھرن۔ آل راؤنڈرز میں بریٹ لی کے پسندیدہ کھلاڑی جیک کیلس ہیں۔

بریٹ لی نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ وہ ہمیشہ سے راک سٹار بننا چاہتے تھے اور انہیں بالی وڈ فلموں میں کام کرنے میں دلچسپی ہے۔

انٹرویو کا اختتام شعیب اور بریٹ لی نے اس خواہش پر کیا کہ کوئی ان کا تیز ترین بال کا ریکارڈ توڑے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ