میانوالی: سات دن کی بیٹی کو پانچ گولیاں مارنے والا ’باپ‘ گرفتار

ڈی پی او میانوالی اسماعیل الرحمان کھاڑک نے جمعرات کو بتایا کہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم شاہ زیب کو ڈسٹرکٹ بھکر سے گذشتہ رات گرفتار کیا ہے۔

میانوالی میں پولیس کا کہنا ہے کہ بیٹا پیدا ہونے کی خواہش پوری نہ ہونے پر نومولود بچی کو سات گولیاں مار کر اس کی جان لینے والا باپ گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ڈی پی او میانوالی اسماعیل الرحمان کھاڑک نے جمعرات کو میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم شاہ زیب کو ڈسٹرکٹ بھکر سے گذشتہ رات گرفتار کیا ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ باپ نے پانچ مارچ کو اپنی سات دن کی کمسن بچی کو پستول کی پانچ گولیاں مار کر قتل کیا تھا۔

اسماعیل کھاڑک کے مطابق اس واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزم کی فوری گرفتاری کے لیے تین ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔ ان سپیشل ٹیموں نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور ملزم شاہ زیب کو ڈسٹرکٹ بھکر سے گرفتار کیا۔

ڈی پی او میانوالی کا کہنا تھا کہ ملزم گرفتار ہو گیا ہے اب اس سے تفتیش کا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے جسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا آئی جی پنجاب کی ہدایت کے مطابق وہ خود اس کیس کی نگرانی کریں گے اور معصوم بچی کے قاتل کو عبرت ناک سزا دلوائیں گے۔

ہوا کیا تھا؟

اس واقعے کی ابتدائی معلوماتی رپورٹ دفعہ 302 کے تحت ملزم اور ان کی اہلیہ کے چچا ہدایت اللہ کی مدعیت میں درج ہوئی تھی جس میں انہوں نے پولیس حکام کو بتایا تھا کہ ’ان کے بھتیجے شاہ زیب کو بیٹا پیدا نہ ہونے کا رنج تھا جس کے نتیجے میں انہوں نے بیٹی کو قتل کیا۔‘

ہدایت اللہ کے مطابق وہ خود اس واقعے کے چشم دید گواہ ہیں اور ان کے سامنے ہی قتل کی رات نو بجے کے قریب شاہ زیب 30 بور پستول کے ساتھ داخل ہوا اور شور واویلہ کرنے لگا کہ وہ اپنی بیٹی کو زندہ نہیں چھوڑے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے ایف آئی آر میں لکھوایا کہ ’شاہ زیب نے بچی کو والدہ کی گود سے چھین کر یکے بعد دیگرے فائر کر دیے جو بچی کے جسم پر دائیں طرف مختلف جگہوں پر لگے۔ جب ہم شاہ زیب کو پکڑنے کے لیے آگے بڑھے تو اس نے ہمیں جان سے مارنے کی دھمکی دی اور اسلحہ لہراتا ہوا فرار ہوگیا۔‘

ہدایت اللہ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’شاہ زیب اور ان کی بیوی دونوں آپس میں کزنز تھے اور والدین کے کہنے پر دونوں کی دو سال قبل شادی ہوئی تھی۔ مقتولہ بچی دونوں کی پہلی اولاد تھی۔‘

انہوں نے کہا کہ شاہ زیب نے ایف ایس سی کیا ہوا تھا اور وہ بیچلرز کرنے کی تیاری میں مصروف تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ کسی قیمت پر ملزم کے خاندان سے صلح نہیں کریں گے اور ملزم کو اپنے انجام تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان