فیصل آباد: مسجد کو ہر رمضان غسل دینے کی روایت

فیصل آباد میں 1908 سے قائم مرکزی جامعہ مسجد کچہری بازار کے خادمین کے مطابق اس مسجد کو حرمین شریفین کی طرح ہر ماہ رمضان غسل دینے کی روایت کئی سالوں سے چلی آ رہی ہے۔

دنیا کے اکثر ممالک میں ماہ رمضان شروع ہو چکا ہے اور پاکستان میں بھی آج پہلا روزہ ہے۔ 

قرآن کا نزول اسی مہینے میں ہوا تھا اور اس کے استقبال کے لیے مساجد میں خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے، جبکہ ماہ رمضان کے آغاز پر خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کو غسل دینے کی روایت پیغمبر اسلام کے دور سے جاری ہے۔

اسی طرح فیصل آباد کی مرکزی جامعہ مسجد کچہری بازار کو بھی رمضان کے آغاز سے قبل غسل دینے کی روایت طویل عرصے سے چلی آ رہی ہے۔

مرکزی جامعہ مسجد کچہری بازار کے خادم محمد احسن نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا: ’رمضان المبارک سے پہلے مسجد کو میناروں سے لے کر نیچے دیواروں اور فرش تک غسل دیا جاتا ہے۔‘

ان کے مطابق: ’مسجد کو جس طریقے سے ہم غسل دیتے ہیں یہ وہی طور وطریقہ ہے جیسے حرمین شریفین کو غسل دیا جاتا ہے۔ اسی طرز عمل پر ہم طویل عرصے سے اس مسجد کو غسل دے رہے ہیں اور یہ سالانہ ہماری ایک ترتیب ہوتی ہے۔‘

مرکزی جامعہ مسجد کچہری بازار کے امام مفتی محمد عاطف نے مسجد کی تاریخ سے متعلق بتایا کہ اس کی تعمیر 1903 میں شروع ہو کر 1908 میں مکمل ہوئی جبکہ 1990 میں اس کی تزئین نو کی گئی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا کہنا تھا: ’ہماری مرکزی جامع مسجد کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہ شہر کی قدیم ترین مسجد ہے۔ ایک صدی سے زائد کے دوران اس کے اندر بڑے بڑے اولیا کرام ، بزرگان دین اور اسلاف امت یہاں پر اپنی خدمات پیش کرتے رہے ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میں تحریک پاکستان اور تحریک ختم نبوت کا آغاز بھی اسی جامع مسجد سے ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مسجد میں بیک وقت تقریباً چھ ہزار افراد کے نماز ادا کرنے کی گنجائش موجود ہے اور رمضان میں دور دور سے لوگ یہاں نماز اور تراویح کے لیے آتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا