گریمی ایوارڈ عروج آفتاب کے گانے ’محبت‘ کے نام

نیویارک میں مقیم عروج کے اس گانے کو سابق امریکی صدر باراک اوباما نے اپنی 2021 کی پسندیددہ گانوں کی فہرست میں بھی شامل کیا تھا۔

تین اپریل 2022 کی اس تصویر میں پاکستانی گلوکارہ عرج آفتاب گریمی ایوارڈ اٹھائے پوز دے رہی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب نے اپنے گانے ’محبت‘ کے لیے اتوار کو گریمی ایوارڈ جیت لیا۔ وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی فنکارہ ہیں۔

37 سالہ عروج تقریباً 15 سال سے امریکی شہر نیویارک میں مقیم ہیں اور صوفی موسیقی کو لوک اور جیز میوزک کے امتزاج سے پیش کرکے موسیقی کی دنیا میں مسلسل کامیابیاں سمیٹ رہی ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عروج کو بہترین نئے آرٹسٹ کے ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے۔

گریمی یا گراموفون ایوارڈ کا شمار امریکہ کے چار بڑے میوزک ایوارڈز میں ہوتا ہے، جن کا آغاز چار مئی 1959 کو ہوا تھا۔

64ویں گریمی ایوارڈز کی تقریب میں ایوارڈ وصول کرتے وقت عروج آفتاب نے سٹیج پر کہا: ’مجھے لگ رہا ہے میں بے ہوش جاؤں گی۔‘

انہوں نے اپنے ساتھیوں اور مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

گریمی ایوارڈ جیتنے کے بعد عروج نے ایک انٹرویو میں اپنے تاثرات بتاتے ہوئے کہا کہ ’میں خود کو نروس محسوس کر رہی تھی اور مجھے نہیں پتہ کہ میں نے سٹیج پر کیا کہا۔‘

ساتھ ہی عروج نے اس ایوارڈ کو اپنے لیے ’زندگی تبدیل کرنے والا لمحہ ‘ قرار دیا۔

اس سے قبل ایوارڈز کی پری گالا تقریب میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا تھا: ’میں بہت پرجوش ہوں۔ مجھے بہت اچھا لگ رہا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’میں سارا دن بہت نروس رہی ہوں اور ہم ایک اچھا آغاز کر رہے ہیں۔‘

سعودی عرب میں ایک پاکستانی جوڑے کے ہاں پیدا ہونے والی عروج آفتاب نے اپنی نوعمری کے سال لاہور میں گزارے، جس کے بعد انہوں نے میوزیکل پروڈکشن اور انجینیئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے بوسٹن کے مشہور برکلے سکول آف میوزک میں داخلہ لیا۔

گریمی ایوارڈ حاصل کرنے والا عروج آفتاب کا گانا ’محبت‘ ان کے  تیسرے البم ’ولچر پرنس‘ کا حصہ ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس گانے کو سابق امریکی صدر براک اوباما نے اپنی 2021 کی پسندیدہ گانوں کی فہرست میں بھی شامل کیا تھا، جس کے بعد اس نے مزید توجہ حاصل کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عروج آفتاب نے نیویارک کے کئی بڑے مقامات پر پرفارم کیا ہے، جن میں لنکن سینٹر اور میوزیم آف ماڈرن آرٹ بھی شامل ہے۔

گریمی ایوارڈ سے قبل اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے عروج آفتاب نے بہترین نئے فنکاروں کے لیے نامزد اپنے ساتھی فنکاروں کی تعریف کی تھی، جن میں اولیویا روڈریگو کے ساتھ ساتھ ریپر سویٹی اور دی کڈ لاروئی بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا تھا: ’ہم سب بہت اچھے ہیں۔ یہ گروپ بذات خود ایک قسم کی جیت کی طرح ہے۔‘

عروج آفتاب کی اس جیت پر مداحوں سمیت پاکستانی فنکار، سیاست دان، کھلاڑی غرض ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے بے حد خوش ہیں اور انہیں سراہ رہے ہیں۔

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے ٹوئٹر پر لکھا کہ انہیں عروج پر ’بہت زیادہ فخر‘ ہے۔

گلوکار علی ظفر نے بھی عروج آفتاب کو سراہتے ہوئے لکھا: ’آپ کے (موسیقی کے) سفر کو دیکھنے اور اس میں ثابت قدمی سے ہمیں بہت خوشی اور فخر کا احساس ملتا ہے۔‘

گلوکارہ حدیقہ کیانی نے لکھا کہ ’صبح اٹھتے ہی مجھے اتنی اچھی خبر ملی۔‘ ساتھ ہی انہوں نے عروج آفتاب کو مخاطب کرکے کہا کہ ’ہمیں اسی طرح فخر کرنے کا موقع دیتی رہیں۔‘

پاکستانی کھلاڑی نورینہ شمس نے عروج آفتاب کے ایوارڈ کو ’بہترین سرپرائز‘ قرار دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری نے بھی عرج آفتاب کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔‘

سماجی کارکن جبران ناصر نے بھی عروج آفتاب کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا: ’ہمارے فنکار بار بار اپنے یقین اور محنت کے ذریعے دنیا کے سامنے اپنی ذہانت کا ثبوت دیتے ہیں جب کہ ہماری رہاست اب بھی فنون لطیفہ میں سرمایہ کاری کرنے اور اس صنعت کو آزادی اور بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے میں ناکام ہے۔‘

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فن