نیلم منیر اس عید پر ’سب کو چکر دے رہی ہیں‘

عید پر ریلیز ہونے والی فلم ’چکر‘ میں ایک نہیں بلکہ دو نیلم منیر نظر آئیں گی۔

(سکرین گریب)

2019 کی کامیاب فلم ’رانگ نمبر 2‘ کی ہیروئین نیلم منیر اس عید پر اپنی فلم ’چکر‘ کے ساتھ آرہی ہیں۔

’رانگ نمبر 2‘ ریلیز ہونے پر کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ یہ اُس سال کی انتہائی کامیاب فلم بنے گی۔

2020 اور 2021 میں عیدالفطر کرونا کی عالمی وبا کی نظر ہو گئی اور سینیما بند رہے۔

اب جب رواں برس عید پر سینیما کھل رہے ہیں تو نیلم کی فلم ’چکر‘ آ رہی ہے۔

فلم کی خاص بات یہ ہے کہ یہ روایتی عید مسالہ فلم نہیں بلکہ ایک پراسرار قتل کی کہانی ہے جس میں نیلم جڑواں بہنوں کے کردار ادا کررہی ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو نے نیلم منیر سے اپنی خصوصی ملاقات میں پہلا سوال یہی کیا کہ وہ اس بار کسے چکر دے رہی ہیں۔

اس پر انہوں نے اپنے مخصوص انداز میں جواب دیا: ’میں تو اس بار سب کو ہی چکر دے رہی ہوں کیونکہ اس فلم کے چکر میںِ خود مجھے بہت چکر آئے۔‘

ہم شکل کردار ادا کرنا کافی مشکل ہوتا ہے، تو ایسے میں انہوں نے اس کردار کی حامی کیوں بھری؟ اس پر انہوں نے کہا فلم میں بہت کچھ ہے، رومانس ہے، ایکشن ہے، تجسس ہے اور ناچ گانا بھی، تو منع کرنے کا جواز نہیں ملا۔

’عام طور پر ہم ایک سیٹ پر ایک ہی کردار کرتے ہیں، مگر اس فلم میں ایک ہی سیٹ پر دو کردار، الگ الگ کپڑے، بالوں کا انداز اور میں نے ڈبنگ میں اپنی آواز بھی کچھ بدلنے کی کوشش کی ہے۔‘

نیلم نے بتایا کہ اس فلم میں محنت بہت زیادہ لگی۔ کہانی میں ایک بہن گھریلو خاتون ہے اور دوسری سٹار، تو اسے نبھانے میں مشکل ہوئی مگر مزہ آیا۔

نیلم نے اعتراف کا کہ ابتدا میں یہ فلم کرنے سے انہوں نے منع کردیا تھا، اس وقت ان کے پاس ڈراموں کا کام بہت زیادہ تھا، لیکن جب اس فلم کا سکرپٹ دیکھا اور پھر ندا یاسر نے خود یہ کردار سمجھایا تو وہ انکار نہ کرسکیں۔

نیلم نے بتایا کہ فلم میں ایک بہت اچھا رقص بھی ہے جس میں پاکستانی شوبز کے بہت سے ستارے ان کے ساتھ ہوں گے۔

کچھ عرصہ پہلے ان کی ایک ویڈیو آئی تھی جس میں وہ گاڑی کی پچھلی نشست پر محوِ رقص تھیں۔ وہ ویڈیو وائرل ہوئی تھی اور کئی روز تک یوٹیوب پر ٹرینڈ ہوتی رہی۔

اس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ ان کا من پسند گانا تھا اور انہوں نے بہت مزے سے کیا، اب جب موقع ملے گا تو ایک بار پھر کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ فلم چکر میں بھی ان کا ڈانس ہے جس کے بارے میں انہیں امید ہے کہ لوگوں کو بہت پسند آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ڈانس کے بعد انہیں آئٹم نمبر کرنے کی متعدد پیشکشیں ہوئیں لیکن انہیں جب تک گانا پسند نہ آجائے وہ نہیں کرنا چاہتیں۔

نیلم نے بتایا کہ فلم کے سیٹ پر خاتون کے ہونے سے بہت فرق پڑتا ہے اور خاتون پروڈیوسر جیسے ندا یاسر، اس سے بہت فرق پڑا اور کئی کام آسان ہوگئے۔

نیلم پرامید ہیں کہ ان کی فلم چکر ہٹ ہوگی کیونکہ اس کا مواد ایسا ہے جو عوام دیکھنا چاہتے ہیں۔

جب ہم نے نیلم سے ان کے ڈراموں کے بارے میں سوال کیا، خاص کر ’دل نواز‘ کے بارے میں، جس میں انہوں نے ایک جنّی کا کردار کیا تھا تو انہوں نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ ان سے اس بارے میں پوچھا گیا کیونکہ وہ ڈرامہ خود انہیں بہت پسند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہدایت کار کے ساتھ طے ہوا تھا کہ بجائے خوف ناک شکل بنانے کے چڑیل یا جنّی کو خوبصورت بھی دکھایا جاسکتا ہے اور اسی پر کام ہوا کیونکہ وہ ٹیڑھا منہ نہیں بنا سکتی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس پورے ڈرامے میں ان کے صرف تین جوڑے کپڑے تھے اور انہوں نے اسی طرح کام کیا جو زیادہ پسند کیا گیا۔

انہوں نے واضع کیا کہ وہ اپنے کردار دہرانا نہیں چاہتیں، ان کے لیے ہر مرتبہ کچھ نیا، کچھ مختلف کرنا بہت ضروری ہے۔

نیلم نے آج تک کوئی مزاحیہ کردار نہیں کیا اور وہ اب یہ کردار کرنا چاہتی ہیں، لیکن ڈرامہ بدستور ان کی پہلی ترجیح ہے کیونکہ بقول ان کے ڈرامے میں کام زیادہ ہوتا ہے اور بہت کچھ کرنے کا موقع مل جاتا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی فن