یورپ: موسم گرما کی چھٹیوں میں رہائشی کمروں کی قلت کا خدشہ

یورپ کی سب سے بڑی ٹریول فرم توئی کے مالک نے خبردار کیا ہے کہ بحیرہ روم میں چھٹیاں منانے والے دور دور کا سفر کر رہے ہیں جس کی وجہ سے موسم گرما میں کرائے کے کمروں کی قلت پیدا ہو جائے گی۔

یورپ کی سب سے بڑی ٹریول فرم توئی کے مالک نے خبردار کیا ہے کہ بحیرہ روم میں چھٹیاں منانے والے دور دور کا سفر کر رہے ہیں جس کی وجہ سے موسم گرما میں کرائے کے کمروں کی قلت پیدا ہو جائے گی۔

توئی کے چیف ایگزیکٹو فرٹز جوسن نے دی انڈپینڈنٹ کو بتایا کہ صارفین کی جانب سے چھٹیاں گزارنے کے لیے بکنگ کا دورانیہ کرونا وبا سے پہلے کے مقابلے میں 8.5 سے بڑھ کر 9.5 دن ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’اگرچہ یہ فرق زیادہ نہیں لگتا لیکن پھر بھی یہ بہت بڑا فرق ہے۔ ہم 12 سے 13 فیصد زیادہ رہائشی کمرے استعمال کر رہے ہیں۔ سیزن کے آخر میں اس کا اثر پڑے گا۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’رہائش کمرے کم ہونے کی وجہ سے موسم گرما کے عروج یعنی جولائی اور اگست کے مہینوں میں کمروں کی دستیابی مزید کم ہو جائے گی۔‘

حتیٰ کہ ترکی، جہاں توقع کی جا رہی ہے کہ جنگ کی وجہ سے روسی اور یوکرینی سیاح بہت کم آئیں گے، وہاں بھی رہائش کے کاروبار سے منسلک مارکیٹ نے اپنی گنجائش بڑھا لی ہے۔

توئی کے سربراہ نے خبردار کیا کہ ’اگر آپ نے ابھی بکنگ نہ کرائی تو چھٹیوں کے دوران آپ کو مناسب رہائش تلاش کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑے گا اور عین وقت پر کرائی گئی بکنگ پر رعایت بھی نہیں ملے گی۔‘

انہوں نے کہا کہ  ’آمدن کے مقابلے میں زیادہ مہنگائی کی وجہ سے فی الحال بکنگ پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ بکنگ کے لحاظ سے یورپ میں برطانیہ سب سے آگے ہے۔‘

موسم گرما کی تعطیلات کے لیے قیمتیں 2019 کے مقابلے میں اوسط 20 فیصد زیادہ ہیں۔ دو تہائی اضافہ صارفین کے زیادہ طویل سفر کرنے کی وجہ سے ہے۔

توئی کے چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ ’برطانیہ سے موسم گرما 2023 کی بکنگ ’بہت زیادہ‘ ہے۔ اگرچہ تعداد کم ہے، لیکن ہمیں ان میں بہت تیزی نظر آ رہی ہے۔‘

اس وقت رواں موسم گرما کے لیے بکنگ سال 2019 کے 85 فیصد کے برابر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر شعبوں کے مقابلے میں اگرچہ کروزنگ (بحری جہاز) کی صنعت زیادہ متاثر ہوئی ہے لیکن  یہ زیادہ مضبوطی سے بحال بھی ہو رہی ہے۔

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا