آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھا رہے: مفتاح اسماعیل

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان نے حکومت بچانے کے لیے پیٹرول سستا کیا تھا۔ وہ معیشت کی بنیادوں میں بارودی سرنگیں بچھا کر گئے۔

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے عوام پو بوجھ ڈالنے سے انکار کر دیا۔

اسلام آباد میں اتوار کو نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے وعدوں کے پابند ہیں۔ ان وعدوں کے مطابق ڈیزل کم از کم 150 روپے فی لیٹر مہنگا کرنا چاہیے لیکن وزیراعظم شہباز شریف نے عوام پر بوجھ ڈالنے سے انکار کر دیا ہے۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان نے حکومت بچانے کے لیے پیٹرول سستا کیا تھا۔ وہ معیشت کی بنیادوں میں بارودی سرنگیں بچھا کر گئے۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملکی قرضوں میں 20 ہزار ارب کا اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے ماضی کے مقابلے میں ریکارڈ قرضہ لیا ہے۔ ان کے جلسوں سے روپے کی قیمت پھر کم ہوئی ہے۔

مفتاح اسماعیل نے بتایا ہے کہ 18 مئی کو قطر میں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات ہوں گے۔ آئی ایم ایف نے سابق حکومت کے ساتھ پروگرام ختم کر دیا تھا۔

وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے درخواست کی کہ پروگرام مزید آگے بڑھایا جائے۔ کرونا وائرس پاکستان کے لیے معاشی طور پر بہتر ثابت ہوا۔ یورپی یونین اور آئی ایم ایف کی جانب سے قرضوں کی ادائیگی میں سہولت ملی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں گندم بہت مہنگی ہوگئی ہے، اس سال 30 لاکھ ٹن گندم درآمد کی جائے گی۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ جب مسلم لیگ ن حکومت چھوڑکر گئی تھی تو چینی برآمد کی جا رہی تھی لیکن گذشتہ دور حکومت میں ایک لاکھ 40 ہزار ٹن یوریا کھاد سمگل کروائی گئی اور کپاس کی پیداوار میں واضح کمی ہوئی۔

ان کے مطابق کپاس کی 53 لاکھ گانٹھوں کی پیدوار ہوئی جو 1984 کے بعد ملک میں کپاس کی سب سے کم پیداوار تھی۔ چار ارب ڈالر کا خوردنی تیل خریدا جا رہا ہے۔ زرعی ملک میں آٹھ ارب ڈالر کی اشیا برآمد کی جاتی ہیں۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے عالمی مالیاتی فنڈ  سے وعدہ کیا تھا کہ ہم پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی ختم کریں گے جبکہ وہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کریں گے اور معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کریں گے۔

تاہم نیوز کانفرنس کے بعد اپنے ایک ٹوئٹ میں مفتاح اسماعیل نے واضح کیا کہ انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بارے میں کیا کہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’حکومت آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کرے گی لیکن عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کے باعث ہم اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرسکتے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت