نواز، عدنان ملاقات: ’اب ہر شخص ڈاکٹر سٹرینج دیکھے گا‘

سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد فلم ’دم مستم‘ کے پروڈیوسر اور اداکار عدنان صدیقی کو سوشل میڈیا پر کچھ حلقوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

عدنان صدیقی کی سابق وزیراعظم نواز شریف سے لندن میں ملاقات کے موقع پر لی گئی تصویر(فوٹو: مسلم لیگ ن ٹوئٹر اکاؤنٹ)

 اداکار و پروڈیوسر عدنان صدیقی گذشتہ کچھ عرصے سے اپنی فلم ’دم مستم‘ کی تشہیر کے سلسلے میں ویسے ہی خبروں میں اِن ہیں اور اب سابق وزیراعظم نواز شریف سے لندن میں ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر کچھ حلقوں کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

اس ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں عدنان صدیقی نے کہا: ’بہت زبردست ملاقات رہی۔ میں اپنی فلم کے حوالے سے آیا تھا۔ ہم اپنی فلم کی پروموشن کر رہے ہیں تو ان کو دعوت دینے آیا تھا کہ ہماری فلم آ کے دیکھیے، ہم نے بڑی محنت کی ہے۔‘

عدنان صدیقی نے مزید کہا: ’انہوں (نواز شریف) نے بھی بتایا کہ ہم آپ کی برادری کے لیے بھی سوچ رہے ہیں۔ فلم پالیسی کے حوالے سے بھی بڑی گفتگو رہی۔‘

عدنان صدیقی کی یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے انہیں سابق وزیر اعظم ںواز شریف سے ملاقات کرنے پر تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔

وقار اشرف نامی ٹوئٹر صارف نے تحریر کیا: ’عدنان صدیقی نے خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار لی۔‘

ٹوئٹ صارف امتیاز نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’اب پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والا ہر شخص صرف عدنان صدیقی کو تنگ کرنے کے لیے ’ڈاکٹر سٹرینج‘  دیکھے گا۔

عید الفطر پر ہالی وڈ فلم ’ڈاکٹر سٹرینج‘ کی نمائش کے خلاف پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے عہدیداران نے ہنگامی پریس کانفرنس کی تھی۔ اس موقعے پر فلم ’دم مستم‘ عدنان صدیقی نے کہا تھا کہ ’آئندہ فلم بنانے سے پہلے میں سوچوں گا۔‘

ایک صارف نے عدنان صدیقی کی پرانی سیلفی شیئر کی، جس میں ان کے عقب میں آگ لگی ہوئی ہے۔ آرٹیکل 6 نامی صارف نے آگ اور دھویں کے مقام پر ’فلم‘ لکھ کر تصویر شیئر کی اور ساتھ میں تحریر کیا: ’عدنان صدیقی نواز شریف سے ملنے کے بعد۔‘

کچھ صارفین عدنان صدیقی اور نواز شریف کی حمایت میں بھی سامنے آئے۔

سعد قیصر نامی ٹوئٹر صارف نے تحریر کیا: ’پاکستان کی مشہور شخصیات کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے باوجود نواز شریف عدنان صدیقی سے مہربانی اور احترام سے ملے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ ایک ایسی چیز ہے جو پاکستان تحریک انصاف اپنے فاشسٹ لیڈر کی وجہ سے نہیں سمجھ پاتی۔‘

فیصل احمد جعفری نامی ٹوئٹر صارف نے عدنان صدیقی کی عمران خان کی حمایت میں کی گئی ایک ٹویٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’عدنان صدیقی کو سولی پر لٹکانا چھوڑ دیں۔ بلاضرورت دشمنیاں بنانے سے گریز کریں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عید الفطر کے موقعے پر ہالی وڈ فلم ’ڈاکٹر سٹرینج‘ کی نمائش کے خلاف صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، اداکار جاوید شیخ، اداکار و ہدایت کار یاسر نواز، ندا یاسر، عدنان صدیقی، وجاہت رؤف، شازیہ وجاہت، ستیش آنند، امجد رشید اور بدر اکرام نے پریس کانفرنس میں مطالبہ کیا تھا کہ سینیما گھروں میں پاکستانی فلموں کے شو بحال کیے جائیں۔

عیدالفطر پر پاکستانی سینیما گھروں میں ریلیز کی جانے والی پاکستانی فلموں کے پروڈیوسرز کا مشترکہ پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ ہم نے اپنی جمع پونجی لگا کر فلمیں بنائیں مگر اب سینیما گھروں میں ہماری فلموں کی جگہ ہالی وڈ کی فلموں کو دے دی گئی جو کہ غلط ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ