گل فیروزہ اور طوبیٰ خواتین ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں شامل

پی سی بی نے سری لنکا کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے قومی خواتین سکواڈز کا اعلان کر دیا ۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف اوول میں 24 مارچ،  2022 کو میچ ہرانے کے بعد میدان سے باہر آ رہی ہے (اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف 24 مئی سے شروع ہونے والی وائٹ بال سیریز کے لیے قومی خواتین کرکٹ سکواڈز کا اعلان کردیا۔

پی سی بی کی پریس ریلیز کے مطابق ملتان اور لاہور سے تعلق رکھنے والی گل فیروزہ اور صدف شمس کو 15 رکنی قومی خواتین ایک روزہ سکواڈ میں شامل کیا گیا۔

سیریز میں شامل تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ 24، 26 اور 28 مئی کو کھیلے جائیں گے جبکہ آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچ یکم، تین اور پانچ جون کو کھیلے جائیں گے۔

بیان میں بتایا گیا کہ ویمنز چیف سلیکٹر اسماویہ اقبال نے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ اور کپتان بسمہ معروف سے مشاورت کے بعد سکواڈز کا انتخاب کیا۔

کپتان بسمہ معروف، فاطمہ ثناء، عالیہ ریاض اور ڈیانا بیگ دبئی میں فیئر بریک انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی ایونٹ میں شرکت کے بعد کراچی پہنچ گئی ہیں۔ یہ چاروں کھلاڑی 21 مئی بروز ہفتہ سے سکواڈ جوائن کریں گی۔

سری لنکا کے خلاف لگایا جانے والا پری سیریز کیمپ آج مکمل ہوجائے گا۔

چیف سلیکٹر اسماویہ اقبال نے دونوں سکواڈز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گل فیروزہ، صدف شمس اور طوبیٰٰ حسن مستقبل میں بھی ویمنز کرکٹ میں بہترین اضافہ ثابت ہونے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

’ان تینوں کھلاڑیوں نے دسمبر میں منعقدہ ایمرجنگ کیمپ کے دوران اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا، لہٰذا ان کے انٹرنیشنل کرکٹ میں داخلے کے لیے یہ  موزوں وقت ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ طوبیٰٰ حسن کو حالیہ ورلڈ کپ میں بحیثیت ریزرو کھلاڑی بھیجا گیا تھا۔

’وہ ایک اچھی سپنر ہیں جو ٹیم کے بولنگ ڈیپارٹمنٹ کو مزید تقویت بخشیں گی۔ گل فیروزہ اور صدف شمس کے کھیل میں بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ سکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں کی فٹنس اور فارم کا جائزہ لینے کے لیے پری سیریز کیمپ کے دوران ٹی ٹوئنٹی اور 50 اوورز کے متعدد پریکٹس میچ کھیلے گئے، جس کی بنیاد پر سکواڈز کا انتخاب ہوا۔

وہ پرامید ہیں کہ دونوں ممالک کے مابین سیریز میں بھرپور مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سکواڈ:

بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، گل فیروزہ، ارم جاوید، کائنات امتیاز، منیبہ علی صدیقی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال اور طوبیٰ حسن۔

ون ڈےانٹرنیشنل سکواڈ:

بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، غلام فاطمہ، گل فیروزہ، منیبہ علی صدیقی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین اور سدرہ نواز۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ