ایشیا ہاکی کپ: پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ برابر

ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا میچ دلچسپ مقابلے کے بعد برابری پر ختم ہو گیا۔

یہ فائل فوٹو 22 دسمبر 2021 کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے میچ کی ہے (اے ایف پی/ فائل)

ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا میچ دلچسپ مقابلے کے بعد برابری پر ختم ہو گیا ہے۔

جکارتہ میں ہونے والے ایشیا ہاکی ٹورنامنٹ کے میچ میں دفاعی چیمپیئن بھارت نے پہلے ہی کوارٹر میں گول تو کیا تاہم وہ میچ کا خاتمہ جیت پر نہ کر سکا اور اس طرح میچ آخری لمحات میں پاکستان کی جانب سے گول کے باعث ایک، ایک پر ختم ہوا۔

ایشیا ہاکی کپ کے پول اے کی دو ٹیموں پاکستان اور بھارت کے درمیان پیر کو کھیلے جانے والے میچ کا آغاز ہوا تو پہلے ہی کوارٹر میں بھارت کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے 20 سالہ کرتی سلوم نے پینلٹی کارنر پر گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ بھارت نے اپنا پہلا گول میچ کے ابتدائی چھ سیکنڈ میں کیا۔

اس کے بعد کپتان عمر بھٹہ کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے گول کرکے میچ برابر کرنے کی سرتوڑ کوششیں کیں تاہم انہیں کامیابی حاصل نہ ہوئی۔

ایک موقع پر میچ کے تیسرے کوارٹر میں بھارت کو اوپر تلے دو پینلٹی کارنرز بھی ملے مگر وہ انہیں گول میں تبدیل نہ کر پایا۔

بھارت کی برتری اگلے دو مزید کوارٹرز تک برقرار رہی اور ایک لمحے پر ایسا محسوس ہونے لگا تھا کہ بھارت یہ میچ ایک صفر سے جیت جائے گا۔

اسی دوران میچ ختم ہونے سے صرف ایک منٹ قبل ہی پاکستان کے عبدالرانا کا جادو چل گیا اور انہوں نے بھارت کی برتری ختم کر دی۔

پاکستان کو میچ کے آخری لمحات میں پینلٹی کارنر ملا جس پر عبدالرانا نے گول کر دیا۔ بھارت نے اس گول پر ریفرل لیا مگر چیک کرنے پر ایمپائر کو اس میں کچھ غلط نہ لگا اور انہوں نے گول برقرار رکھنے کا اشارہ کیا۔

اس طرح ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ابتدائی میچ ایک، ایک گول سے برابری پر ختم ہوا۔

پاکستان ٹیم کے کپتان عمر بھٹہ کا میچ کے بعد کہنا تھا کہ آج بھارت کے خلاف میچ بہت اچھا رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے بہت سے چانسز بنائے مگر بدقسمتی سے ان کا فائدہ نہیں اٹھا سکے۔‘

عمر بھٹہ نے کہا کہ ’ہم ابھی بھی ٹورنامنٹ میں ہیں اور ہمارے دو مزید میچز باقی ہیں۔ تو اچھے کی امید ہے۔‘

انڈونیشیا میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پیر ہی کو ملیشیا اور عمان جبکہ کوریا اور بنگلہ دیش کے درمیان بھی میچز کھیلے جانے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل