مہنگائی: امریکہ کے لنڈا بازاروں میں بھی خریدار بڑھ گئے

حال ہی میں عالمی منڈی میں بڑھتی پیٹرول کی قیمتوں نے امریکی عوام کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے جس کے بعد امریکہ میں بھی لنڈا بازار کے خریداروں  میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

ایک حالیہ سروے کے مطابق 2016 کے مقابلے میں استعمال شدہ کپڑوں کی خریداری میں امریکہ میں دوگنا اضافہ ہوا ہے (انڈپینڈنٹ اردو)

پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں نے امریکی عوام کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے جس کے بعد امریکہ میں بھی لنڈا بازار کے خریداروں  میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

امریکہ میں اشیا کی طلب اور رسد میں بڑھتے فرق کے باعث پہلے ہی مہنگائی میں اضافہ ہو رہا تھا اور روس کے یوکرین پر حملے کے بعد تیل کی عالمی قیمت میں اضافے سے امریکی عوام کے لیے کھانے پینے گھومنے پھرنے سے لے کر کپڑے دھونے تک سب کچھ مہنگا ہو چکا ہے۔

بازاروں میں کہیں انڈے نہیں ملتے تو کسی دن کسی سپر مارکیٹ سے تیل غائب ہوتا ہے، کسی دن بچوں کے ڈائپر تو کسی دن دودھ نہیں ملتا۔

صورت حال یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ استعمال شدہ کپڑوں کی دکانوں میں حالیہ دنوں میں خریداروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

امریکہ میں مختلف کمپنیوں کی ایسی دکانیں موجود ہیں جہاں عام آدمی اپنے استعمال شدہ کپڑے سمیت گھر کی کوئی بھی چیز عطیہ کرتے ہیں اور پھر یہ دکانیں صفائی کے بعد مناسب قیمت پر انہیں خریداروں کے لیے رکھ دیتی ہیں۔

ایک حالیہ سروے کے مطابق 2016 کے مقابلے میں استعمال شدہ کپڑوں کی خریداری میں امریکہ میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔ اسی سے متعلق شکاگو کی ایک استعمال شدہ کپڑوں کی دکان یعنی امریکہ کے درجنوں میں سے ایک لنڈا بازار میں جاکر وہاں خریداروں سے اس ریسرچ سے متعلق بات کی تو وہ اس سے متفق نظر آئے۔

شکاگو کے اطراف کے رہنے والے دو نوجوانوں نے کیمرے پر بات کرنے پر رضامندی ظاہر کی جن میں سے ایک 26 سالہ کلیئر تھیں جن کے مطابق وہ پیسے بچانے اور خود کو مہنگائی میں مستحکم رکھنے کے لیے پرانے کپڑوں کی خریداری کرتی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پرانے کپڑے لینا آج کل ایک ٹرینڈ بن گیا ہے خصوصاً نوجوانوں میں، جو پرانے فیشن کو اپنانا چاہتے ہیں اور ظاہر ہے ساتھ میں بچت بھی کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ لوگ ان مارکیٹوں سے خریداری کرنے کے بعد مختلف ویب سائٹس پر  بیچنے کا کاروبار بھی کرتے ہیں۔

ایک اور خریدار کلفٹن کیلور نے کہا کہ اب پیٹرول ایک آسائش ہے، مہنگائی اتنی ہے کہ وہ استعمال شدہ کپڑے خریدتے ہیں تاکہ گھر والوں کا پیٹ پال سکیں۔

امریکہ میں مہنگائی نے 40 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے اور اسے قابو کرنے کے جتن تو کیے جا رہے ہیں مگر تاحال کوئی کامیابی نہیں مل پا رہی۔

چند ماہ قبل امریکہ میں فی گیلن پیٹرول تین ڈالر تک میسر تھا جو اب قومی اوسط پانچ ڈالر تک بڑھ چکا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ