پاکستان کے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں مخالفین کو ’دھاندلی‘ کے باوجود شکست دیں گے۔
عمران خان نے سنیچر کی رات اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کیا۔ جلسے سے قبل عمران خان نے راولپنڈی سے پریڈ گراونڈ تک ریلی کی قیادت بھی کی۔
اس موقع پر خطاب میں عمران خان نے پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ساری قوم تیار ہو جائے۔ پنجاب کا جو الیکشن ہے وہ یہ دھاندلی سے جیتیں گے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’عوام ان کے ساتھ نہیں ہے امپائر ان کے ساتھ ہے۔ ہم نے ان کے امپائروں کے باوجود انہیں شکست دینی ہے۔‘
واضح رہے کہ پنجاب میں صمنی انتخابات 17 جولائی کو ہونے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ ن کی جانب سے بھی جلسے کیے جا رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ جلسے سے خطاب میں عمران خان نے پشاور سے اسلام آباد کی جانب مارچ کے بارے میں ایک بار پھر کہا کہ ’میں ملک کے اداروں کے خلاف جنگ کرنے نہیں نکلا تھا۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’میں اپنے اداروں سے سوال پوچھتا ہوں کہ کیا کرپشن کے خلاف میں نے اکیلے نے ٹھیکا لیا ہوا ہے؟ کیا یہ صرف میری ذمہ داری ہے؟ کیا یہ آپ کا پاکستان نہیں ہے؟‘
انہوں نے جلسے کے شرکا سے سوال کیا کہ ’کیا آپ پرامن جدو جہد کے لیے تیار ہیں؟‘
اپنے خطاب میں عمران خان نے کالم نگار ایاز امیر پر گذشتہ روز ہونے والے حملے کی مذمت بھی کی۔
تقریباً ایک گھنٹہ طویل خطاب کے دوران عمران خان نے وقفے وقفے سے اپنے سیاسی مخالفین کے چند ویڈیو کلپس بھی چلوائے۔
’آئی ایم ایف پاکستان کی امداد کے لیے ناک سے لکیریں نکلوا رہا ہے‘
جہاں اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف نے جلسے کا انعقاد کیا وہیں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی لاہور میں ضمنی انتخاب کی مہم کے سلسلے میں گرین ٹاؤن میں ایک جلسے سے خطاب کیا۔
جلسے سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’اللہ کی قسم آج جو آپ کو مسائل درپیش ہیں وہ ہمارے پیدا کردہ نہیں ہیں لیکن ان سے آپ کو نکالنا ہماری ذمہ داری ہے۔‘
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کو کامیاب بنائیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’آج اگر ہم کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھانی پڑ رہی ہیں تو وہ عمران خان کی وجہ سے ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’عمران خان نے معاہدہ کیا برا کیا، اس سے پھر گئے اس سے بھی برا کیا۔ آئی ایم ایف کو معاہدے کی اس خلاف ورزی کی وجہ سے پاکستان پر اعتماد نہیں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آج آئی ایم ایف پاکستان کی امداد کے لیے ناک سے لکیریں نکلوا رہا ہے کیوں کہ اس کو اب پاکستان پر اعتماد نہیں جو عمران خان نے توڑا تھا۔‘
’آج عمران خان جگہ جگہ جاکر اپنی حکومت کے ختم ہونے کا رونا روتا رہتا ہے، تو کیا پاکستان تم کو ٹھیکے پر دیا گیا تھا۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’پاکستان مسلم لیگ ن نے حکومت چیلینجز میں لی ہے اور ان سے نمٹنا بھی اسے آتا ہے اور ملک کو بحرانوں سے نکال لے گی۔‘
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ان کی شہباز شریف سے بات ہوئی ہے اور انہوں نے وعدے کیا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں پیٹرول ایک ڈالر بھی سستا ہوا تو اس کا فائدہ پاکستان کے عوام کو دیا جائے گا۔