ہیتھرو ایئرپورٹ پر مسافروں کی تعداد ایک لاکھ تک کرنے کا فیصلہ

لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کی جانب سے جاری شدہ بیان کے مطابق مسافروں کی طویل قطاروں، سامان میں تاخیر اور اس کی منسوخی جیسے واقعات کو محدود کرنے کے لیے رواں موسم گرما فی دن روانگی کے لیے مسافروں کی حد ایک لاکھ افراد تک محدود کر دی جائے گی۔  

آٹھ جولائی 2022 کو ہیتھرو کے ٹرمینل تھری پر ری کلیم ہونے والا سامان (فائل تصویر: اے ایف پی) 

لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کی جانب سے جاری شدہ بیان کے مطابق مسافروں کی طویل قطاروں، سامان میں تاخیر اور اس کی منسوخی جیسے واقعات کو محدود کرنے کے لیے رواں موسم گرما فی دن روانگی کے لیے مسافروں کی حد ایک لاکھ افراد تک محدود کر دی جائے گی۔  

ہیتھرو انتظامیہ کی جانب سے ایئر لائنز کو ان پروازوں کے ٹکٹوں کی فروخت بند کرنے کو کہا گیا ہے جن میں تاخیر کی گنجائش ممکن ہے۔

خبر رساں ادارے سی این بی سی کے مطابق برطانیہ کا مصروف ترین ہوائی اڈہ یورپ بھر کی طرح کرونا کے بعد مسافروں کی تعداد میں بتدریج اضافے سے نمٹنے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔

ہیتھرو ایئرپورٹ سے جولائی اور اگست 2019 کے دوران یومیہ 110,000 سے 125,000 تک مسافروں کی روانگی جاری رہی۔

ہیتھرو انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کو کم کرنے کی درخواست پر ایئر لائنز نے پہلے بھی عمل کیا تھا لیکن اب ہوائی اڈے کی طرف سے یہ تعداد مزید کم کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

ایک کھلے خط میں ہیتھرو کے سی ای او جان ہالینڈ کائے نے منگل کو بیان جاری کیا کہ’کچھ ایئر لائنز نے اہم کارروائی کی ہے لیکن دوسروں نے نہیں کی، ہم سمجھتے ہیں کہ مسافروں کے محفوظ اور قابل اعتماد سفر کو یقینی بنانے کے لیے اب مزید کارروائی کی ضرورت ہے۔‘

’لہذا ہم نے 12 جولائی سے 11 ستمبر تک مسافروں کی حد متعارف کرانے کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید لکھا کہ ’ہم تسلیم کرتے ہیں کہ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ موسم گرما کے کچھ سفر یا تو کسی اور دن، دوسرے ہوائی اڈوں پر منتقل کیے جائیں گے یا منسوخ کر دیے جائیں گے اور ہم ان لوگوں سے معذرت خواہ ہیں جن کے سفری منصوبے متاثر ہوئے ہیں۔‘‘

لندن ہب کے مطابق یہ سفری حد دیگر بین الاقوامی فیصلوں کے مطابق ہے۔ نیدرلینڈز میں شیفول انتظامیہ نے مسافروں کی تعداد 2019 کی نسبت تقریباً 16 فیصد کم کر دی ہے جبکہ فرینکفرٹ نے چوٹی کے اوقات میں پروازیں 104 فی گھنٹہ سے کم کر کے 94 پروازیں فی گھنٹہ کر دی ہیں۔

ہیتھرو کے مطابق موسم گرما کے نظام الاوقات میں اب بھی باہر جانے والی نشستوں کی اوسط تعداد 104,000 یومیہ تھی جو اس کی حد سے 4,000 زیادہ ہے۔

ہیتھرو کے سی ای او کے مطابق ’ہم اپنے ایئر لائن پارٹنرز سے موسم گرما کے ٹکٹوں کی فروخت بند کرنے کو کہہ رہے ہیں تاکہ بدانتظامی یا مسافروں پر اس کے اثرات کو محدود کیا جا سکے۔‘

برٹش ایئرویز، جو ہیتھرو ایئرپورٹ کی سب سے بڑی صارف ایئرلائن ہے، عملے کی کمی کی وجہ سے اس موسم گرما میں اپنے شیڈول سے ہزاروں پروازیں پہلے ہی ختم کر چکی ہے۔

پیر کے روز ہیتھرو نے ہوا بازی کے تمام شعبوں میں عملے کی کمی کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے، حالیہ ہفتوں میں صارفین کی طویل قطاروں اور سامان کے مسائل کے لیے معذرت نامہ بھی جاری کیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی یورپ