’دس سال سے مائیکل جیکسن آئٹم کر رہا ہوں وائرل جلسے سے ہوا‘

پاکستان مسلم لیگ ن کے گذشتہ رات لبرٹی چوک پر ’یوم تشکر‘ کے نام سے ہونے والے اجتماع کے دوران سٹیج پر ہونے والی ایک ’مزاحیہ پرفارمنس‘ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وائرل ہو گئی۔ 

یہ ’مزاحیہ پرفارمنس‘ دکھانے والے کامیڈین فیاض علی عرف اللہ رکھا پیپسی، پانی پوری ہیں (سکرین گریب)

پاکستان مسلم لیگ ن کے ہفتے کی رات لبرٹی چوک پر ’یوم تشکر‘ کے نام سے اجتماع کے دوران سٹیج پر ہونے والی ایک ’مزاحیہ پرفارمنس‘ ٹوئٹر اور فیس بک پر وائرل ہو گئی ہے۔ 

یہاں تک کہ ٹوئٹر پر چلنے والے ٹرینڈ میں بھی اس ویڈیو کو شیئر کیا جا رہا ہے اور مخالفین اس کا مذاق اڑا رہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے شہباز گل نے اپنی ٹویٹ میں کہا: ’اس وقت لبرٹی چوک پر عالمی شہرت یافتہ برصغیر کی خاتون رہنما کا خطاب سننے افریقہ، یورپ، وسطی ایشیا اور دنیا کے طول و عرض سے عوام کا سمندر آیا ہوا ہے۔ اس سے پہلے عوام کا خون گرمانے کے لیے ’نامعلوم سیارے‘ سے فنکار بلائے گئے ہیں۔ دنیا کے 183 ممالک میں یہ پرفارمنس لائیو دکھائی جا رہی ہے۔‘

شہباز گل نے اپنی ٹویٹ کے کمنٹ میں اس ٹویٹ کی تحریر کا کریڈٹ ایک صحافی زین علی کو دیا۔

یہ ’مزاحیہ پرفارمنس‘ دکھانے والے کامیڈین فیاض علی عرف اللہ رکھا پیپسی، پانی پوری ہیں۔

جلسے کے بعد فیاض کا ایک بیان سوشل میڈیا پر چلا جس میں وہ کہتے سنے گئے کہ گذشتہ رات جب وہ گلبرگ آئے تو وہاں انہوں نے ن لیگ کا جلسہ دیکھا جو کہ ’بھرپور جلسہ‘ تھا اور وہاں میں نے ان کی منت کی کہ ’مجھے بھی سٹیج پر بلائیں میں ان کی پیروڈی کرنا چاہتا ہوں۔ میں نے وہاں سری لنکا کا آئٹم کیا۔ سری لنکا ان کو بہت پسند ہے اور میری کارکردگی عوام نے بہت پسند کی۔‘

انڈپینڈنٹ اردو نے فیاض سے رابطہ کیا کہ آخر وہ جلسے میں پہنچے کیسے اور گذشتہ رات سے سوشل میڈیا پر ان کی پرفارمنس زیادہ تر منفی اور کچھ مثبت کمنٹس کے ساتھ وائرل ہے تو انہیں کیسا لگ رہا ہے؟

اس پر فیاض نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’میں ایک نجی چینل پر کامیڈی شو کرتا ہوں۔ میں چینل سے شو کر کے نکلا تو آگے جلسہ ہو رہا تھا۔ اتنے میں سٹیج ڈرامہ ایکٹر طاہر انجم صاحب نے مجھے کہا کہ میں 10 منٹ کے لیے وہاں آجاؤں۔‘

’میں نے کہا چلو میں آجاتا ہوں۔ میں نے وہاں مائیکل جیکسن کا آئٹم کیا جو میں بین الاقوامی سطح پر بھی پرفارم کر چکا ہوں۔ اس کے علاوہ عمر شریف صاحب کے ساتھ بھی یہ آئٹم کر چکا ہوں۔ یہ دس، 12 سال سے میرا بہت اچھا آئٹم چل رہا ہے لیکن وائرل وہ رات کو ہوا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا کہنا تھا کہ ’میرا سیاست سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں، مجھے پی ٹی آئی والے بلائیں گے میں ادھر جا کر بھی پرفارم کر آؤں گا۔‘

’میں تو کامیڈین ہوں مجھے تو بچوں کے لیے روزی کمانی ہے، جو بھی بلائے گا میں چلا جاؤں گا۔ مجھے گذشتہ رات کی کارکردگی کے لیے پیسے ملے میں نے پرفارم صرف 15 سے 20 منٹ تک کیا۔‘ 

گذشتہ رات اپنے سوشل میڈیا پر بیان کے حوالے سے فیاض کا کہنا تھا کہ ’میں نے جو بات کی وہ میں نے تو کرنی نہیں تھی لیکن مجھے طاہر انجم صاحب نے کہا کہ میں یہ کہہ دوں مجھے تو معلوم ہی نہیں تھا میں نے کہہ دیا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ جس نجی چینل پر وہ کام کرتے ہیں وہاں ابھی تک ان کی گذشتہ رات کی پرفارمنس کے حوالے سے انہیں کچھ نہیں کہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ’میں جانتا ہوں کہ سوشل میڈیا پر مجھ پر تنقید ہو رہی ہے اور گذشتہ رات کی پرفارمنس کا مذاق اڑایا جا رہا ہے لیکن اللہ جانتا ہے کہ میرا اس میں کوئی قصور نہیں ہے، میں نے تو سادہ آئٹم کیا تھا۔‘    

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل