پیٹرول کی قیمتیں: ’بائیک کی چابی مانگنے والوں سےمعذرت‘

حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے اضافے کے اعلان کے ساتھ ہی لوگ دلچسپ میمز تو شیئر کر ہی رہے ہیں، ساتھ میں یہ سوال بھی اٹھ رہا ہے کہ ’یہ سخت فیصلے صرف عوام کے لیے کیوں ہوتے ہیں؟‘

29 ستمبر 2016 کی اس تصویر میں اسلام آباد کے ایک پیٹرول پمپ پر ایک شہری بائیک میں پیٹرول ڈلوا رہا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے اضافے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر جہاں اس فیصلے پر تنقید ہوئی، وہیں دلچسپ تبصرے اور میمز بھی شیئر کی جانے لگیں۔

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے جمعرات کی رات ایک پریس کانفرنس کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا، جس کے بعد ایک لیٹر پیٹرول 179.86 روپے، ڈیزل 174.15 روپے، لائٹ ڈیزل 148.31 روپے جب کہ مٹی کا تیل 155.56 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے اعلان کے بعد سے #PetrolDieselPrice اور Rs 30 سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگا اور عوام اس ہیش ٹیگ کو استعمال کرتے ہوئے اس اضافے پر اپنا ردعمل شیئر کرنے لگے۔

ٹوئٹر پر ایک صارف عبدالرؤف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا: ’ہوتی نہیں جو قوم 150 پر یکجا، 180 کا لیٹر ہی فقط اس کی سزا ہے۔‘

تیمور فرید خان نامی سوشل میڈیا صارف نے تحریر کیا کہ ’اس مہینے کی 31 تاریخ کو پیٹرول اور ڈیزل میں ایک بار پھر اضافہ ہونے والا ہے۔ خود کو تیار کر لیں۔‘

اسی طرح رافع روحیل نے لکھا: ’ایک منٹ بائیک کی چابی مانگنے والوں سے معذرت۔‘

صادق انور میاں نامی ٹوئٹر صارف کا کہنا تھا: ’جو بھی پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو کہتی ہے کہ ہمیں سخت فیصلے کرنے پڑیں گے۔ پچھلی حکومت نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔ لیکن میری سمجھ میں یہ بات نہیں آئی کہ یہ سخت فیصلے صرف عوام کے لیے کیوں ہوتے ہیں؟ کسی وزیر مشیر کے لیے کیوں نہیں؟‘

واصف زاہد راجا نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا: ’وزیراعظم شہباز شریف سے گزارش ہے کہ تمام وزرا، ارکان اسمبلی اور ججز کو مفت پیٹرول کی فراہمی فوری بند کردیں۔ باقی بھی جو جو مراعات لے رہے ہیں ان سے فی الفور مراعات واپس لی جائیں۔‘

اسلام آبادین نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ نے تحریر کیا: ’اسلام آباد انتظامیہ! مہربانی فرما کر اسلام آباد میں تانگے اور رکشہ سروس کی اجازت دی جائے۔ شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے شہری مہنگا پیٹرول نہیں خرید سکتے۔‘

ایک اور ٹوئٹر صارف نے بھارتی اداکار نواز الدین کی تصویر لگائی جس میں وہ ڈائیلاگ بول رہے ہیں ’چاند پہ ہے اپن۔‘

اس کے ساتھ انہوں نے تحریر کیا کہ پیٹرول کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت ’چاند پہ ہے اپن۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ