روسی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ گذشتہ ہفتے ماسکو اوپن کے ایک میچ کے دوران شطرنج کھیلنے والے روبوٹ نے سات سالہ بچے کی انگلی پکڑ کر توڑ دی۔
ماسکو شطرنج فیڈریشن کے صدر سرگئے لازاریف نے واقعے کے بعد تاس نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ’روبوٹ نے بچے کی انگلی توڑ دی۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس روبوٹ نے اس سے پہلے کئی مرتبہ شطرنج کے میچ بغیر کسی پریشانی کے کھیلے ہیں۔ ’یہ یقیناً بری چیز ہے۔‘
19 جولائی کو بازا ٹیلی گرام چینل کی طرف سے شائع ہونے والی اس واقعے کی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ بچے کی انگلی کو روبوٹک بازو نے کئی سیکنڈ تک پکڑے رکھا اور بچہ بظاہر تکلیف میں ہے۔ جس کے بعد ایک خاتون اور تین مرد اس بچے کو روبوٹ کی گرفت سے چھڑانے کے لیے آتے ہیں۔
روسی شطرنج فیڈریشن کے نائب صدر سرگئے سمگین نے بازا کو بتایا کہ روبوٹ کھیل میں لڑکے سے بازی لے جانے والا تھا تاہم بچے نے روبوٹ کی چال چلنے کا انتظار کرنے کے بجائے فوراً چال چل دی۔
انہوں نے مزید کہا: ’کچھ حفاظتی اصول ہیں اور بچے نے بظاہر ان کی خلاف ورزی کی ہے۔ جب اس نے اپنی چال چلی تو اسے احساس نہیں تھا کہ اسے پہلے انتظار کرنا پڑے گا۔‘
ساتھ ہی انہوں نے کہا: ’یہ ایک انتہائی غیرمعمولی کیس ہے اور میری یادداشت کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔‘
Jesus… A robot broke kid‘s finger at Chess Tournament in Moscow @elonmusk @MagnusCarlsen
— (@russian_market) July 21, 2022
There is no violence in chess, they said.
Come and play, they said. https://t.co/W7sgnxAFCi pic.twitter.com/OVBGCv2R9H
ماسکو شطرنج فیڈریشن کے صدر سرگئے لازاریف نے بتایا کہ بچے نے تیزی سے حرکت کی، جس کی وجہ سے روبوٹ نے اسے پکڑ لیا۔ روبوٹ کے سپلائرز کو اب اس حوالے سے ’دوبارہ سوچنا پڑے گا۔‘
بازا کی رپورٹ میں بچے کی شناخت کرسٹوفر کے نام سے کی گئی ہے، جو روسی دارالحکومت میں انڈر نائن کیٹیگری میں شطرنج کے 30 بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہے۔
رپورٹ کے مطابق: ’لوگ مدد کے لیے پہنچے اور بچے کی انگلی روبوٹ سے چھڑوا لی لیکن اسے فریکچر سے نہیں بچایا جا سکا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سرگئے لازاریف نے تاس نیوز ایجنسی کو بتایا کہ کرسٹوفر، جس کی انگلی پر پلستر چڑھایا گیا تھا، اس حملے کے بعد زیادہ صدمے کا شکار نہیں لگا۔ ’بچے نے اگلے ہی دن دوبارہ کھیلا، ٹورنامنٹ ختم کر دیا اور رضاکاروں نے شطرنج کی چالوں کو ریکارڈ کرنے میں مدد کی۔‘
تاہم بچے کے والدین نے مبینہ طور پر پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر سے رابطہ کیا ہے، جنہوں نے والدین کو یقین دلایا کہ ’ہم بات چیت کریں گے، اس کا پتہ لگائیں گے اور ہر ممکن طریقے سے مدد کرنے کی کوشش کریں گے۔‘
دوسری جانب روسی شطرنج فیڈریشن کے نائب صدر سرگئے سمگین نے نیوز ایجنسی آر آئی اے نووستی کو بتایا کہ یہ واقعہ ’ایک اتفاق‘ تھا اور روبوٹ ’بالکل محفوظ‘ ہے۔
انہوں نے کہا کہ روبوٹ، جو ایک وقت میں ایک سے زیادہ میچ کھیل سکتا ہے اور کرسٹوفر کے ساتھ مقابلے سے قبل اس دن تین گیم کھیل چکا تھا، ’منفرد‘ تھا۔
’اس نے بہت سے اوپن ٹورنامنٹس میں پرفارم کیا ہے۔ بظاہر بچوں کو خبردار کرنے کی ضرورت ہے کہ ایسا ہوسکتا ہے۔‘
ایک روسی گرینڈ ماسٹر سرگئے کارجاکن نے کہا کہ یہ واقعہ ’کسی قسم کی سافٹ ویئر کی خرابی یا کسی اور وجہ‘ سے ہے۔ انہوں نے مزید کہا: ’ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔ ایسے حادثات ہوتے رہتے ہیں۔ میں بچے کی اچھی صحت کی دعا کرتا ہوں۔‘
© The Independent