بالاکوٹ: مزاحیہ ویڈیوز سے مستحقین کی مدد کرنے والے سوشل میڈیا سٹار

اپنی ویڈیوز سے ہندکو بولنے اور سمجھنے والوں کو ہنسانے والے منا شاہ کا گاؤں انٹرنیٹ سے محروم ہے اور انہیں ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کے لیے گھر سے دو کلومیٹر دور ایک بلند جگہ پر جانا پڑتا ہے۔

منا شاہ اپنی ویڈیوز میں مقامی زبان ہندکو کو استعمال کرتے ہیں (فوٹو: اسامہ اسحاق سواتی)

بالا کوٹ کے مقامی سوشل میڈیا سٹار منا شاہ اپنی ٹیم کے ہمراہ مزاحیہ ویڈیوز بنا کر نہ صرف اپنے علاقے کے مسائل کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ اپنی شہرت کو مستحقین کی مدد کرنے کے لیے بھی بروئے کار لاتے ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے منا شاہ نے اپنی زندگی کے اس سفر کی کہانی سنائی۔

انہوں نے بتایا: ’میں نے 2018 میں فیس بک پر ایک مزاحیہ ویڈیو دیکھی تو میرے دل میں خیال آیا کہ اس سے بہتر ویڈیو میں بنا سکتا ہوں۔ اس لیے میں نے ایک مزاحیہ ویڈیو بنائی اور اپنی فیس بک آئی ڈی پر پوسٹ کر دی، جس کا مجھے اچھا نتیجہ ملا اور کافی لوگوں نے دیکھا۔‘

منا شاہ کہتے ہیں کہ ’میں نے سوچا کہ کوئی ایسی مزاحیہ ویڈیو بناوٴں جس کا کوئی مقصد ہو اور جس کا لوگوں کو کوئی فائدہ ملے۔‘

جس کے بعد انہوں نے ہر ویڈیو میں ایک مقصد دینا شروع کر دیا کہ یہ ویڈیو اس مقصد کے لیے ہے۔

منا شاہ اپنی ویڈیوز میں مقامی زبان ہندکو کو استعمال کرتے ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے بتایا: ’ہندکو میں اس لیے ویڈیو بنائی کہ ایک تو لوگوں کو آسانی سے سمجھ آ جائے اور دوسرا ہندکو زبان کو فروغ ملے۔‘

منا شاہ کہتے ہیں کہ ’جب میری دو تین ویڈیوز وائرل ہوئیں تو میں نے سوچا کہ کیوں نہ اس موقعے سے فائدہ اٹھایا جائے۔ پھر میں نے اپنے علاقے کے غریب، یتیم اور بے سہارا لوگوں کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا اور اپنی ایک ٹیم بنائی، جس میں کچھ خواتین اور کچھ مرد شامل کیے۔‘

وہ بتاتے ہیں کہ ’اگر ہم نے کوئی خاکہ کرنا ہوتا ہے تو ہمارے پاس کوئی منصوبہ نہیں ہوتا۔ ہم جب موقعے پر پہنچتے ہیں تو ہمارے پاس ایک مائیک سٹینڈ اور موبائل ہوتا ہے۔ ذہن میں اسی وقت خاکہ آ جاتا ہے۔ کوئی منصوبہ بندی نہیں ہوتی۔ ہمارا کوئی سکرپٹ نہیں ہوتا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

منا شاہ کا شمار نہ صرف مانسہرہ بلکہ جہاں جہاں ہندکو زبان بولی اور سمھجی جاتی ہے، وہاں کے سب سے زیادہ سنے جانے والے وی لاگر، ڈبنگ آرٹسٹ اور کامیڈینز میں ہوتا ہے۔ ان کے ہزاروں مداح ہیں جو ان کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں کھنچواتے ہیں اور ان کی نئی ویڈیو کا نہ صرف بے صبری سے انتظار کرتے ہیں بلکہ بسا اوقات فرمائش بھی کرتے ہیں کہ فلاں فلم کی ہندکو میں ڈبنگ کریں۔

منا شاہ کی ویڈیوز مزاح سے بھرپور تو ہوتی ہیں مگر ہر ویڈیو کے آخر میں ایک پیغام بھی ہوتا ہے۔ یوں وہ مزاح کے ذریعے عوام کو لطف اندوز تو کرواتے ہیں مگر ساتھ ساتھ علاقے کے مسائل سے متعلق اچھا پیغام بھی دے دیتے ہیں۔

آپ کو شاید یہ جان کر حیرت ہو گی کہ ہندکو زبان سمجھنے اور بولنے والے پورے بیلٹ کو ہنسانے والے منا شاہ کا اپنا گاؤں ٹیکنالوجی کے اس دور میں بھی انٹرنیٹ جیسی سہولت سے محروم ہے۔ انہیں ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کے لیے گھر سے دو کلومیٹر دور ایک بلند جگہ جانا پڑتا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی نئی نسل