’برہمسترا‘ جو رنبیر اور عالیہ کے لیے خوش قسمت ثابت ہوئی

فلم کی ریلیز سے قبل دونوں نے شادی کر لی اور بہت جلد ان کے گھر ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔

رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ اپنی فلم ’برہمسترا‘ کی پروموشن کے لیے احمد آباد میں موجود تھے (تصویر: اے ایف پی)

ارجیت سنگھ کا گیت ’کیسریا تیرا رنگ ہے پیا‘ وہ پہلی کھڑکی تھی جس سے رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی جھلک نظر آئی۔ رنگوں میں بھیگتے دو پریمی جیسے کسی فلم کے سیٹ پر نہیں سچ مچ زندگی کے میلے میں گھوم رہے ہوں۔

اگرچہ اب ایسا ہی ہے لیکن یہ سٹیج سیٹ کرنے میں نو ستمبر کو ریلیز ہونے والی فلم ’برہمسترا‘ نے اہم کردار ادا کیا۔ مگر اس سے پہلے ہم بات کرتے ہیں کہ یہ فلم دونوں کے کیریئر کے لیے کیسے خوشگوار ثابت ہوئی۔ اس کے بعد ہم ان کی ’پریم کہانی‘ کا رخ کریں گے۔

برہمسترا کے لیے سائن ہونا عالیہ کے لیے غیر معمولی لمحہ تھا

جولائی 2014 میں برہمسترا کے لیے کاسٹ ہونا عالیہ بھٹ کے لیے کسی خواب سے کم نہ تھا۔ اس وقت انہیں فلم انڈسٹری میں قدم رکھے زیادہ عرصہ نہیں گزرا تھا۔ اگرچہ ’ہائی وے‘ تازہ تازہ ریلیز ہوئی تھی لیکن ابھی تک ان کے مستقبل پر ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ (2012) کی بھیانک اداکاری کے سائے چھائے ہوئے تھے۔

اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں وہ کہتی ہیں: ’میرے لیے ناقابل یقین تھا، یہ میرے لیے بہت غیر معمولی لمحہ تھا، میں اتنی بڑی فلم کا حصہ بننے پر بہت شکرگزار تھی اور آج بھی ہوں۔‘

 برہمسترا ابتدائی طور پر 2016 میں ریلیز ہونا تھی اور اگر ایسا ہوتا تو تب ہمارے پاس عالیہ بھٹ کا ’اڑتا پنجاب‘ کی غریب بہاری لڑکی، میگھنا گلزار کی فلم ’راضی‘ میں کشمیری جاسوس لڑکی یا ’گنگوبائی کا ٹھیاواڑی‘ میں بطور طوائف کوئی روپ بھی سامنے نہ ہوتا۔ یقیناً تب برہمسترا میں ان کا کردار کہیں زیادہ بڑا محسوس ہوتا اور وہ تنقید دیکھنے کو نہ ملتی جو اب ہو رہی ہے۔

عالیہ کے بہت سے پرستاروں کا کہنا ہے کہ فلم میں ان کا کردار ایسا بڑا نہیں جیسی توقع کی جا رہی تھی۔

اس اعتراض کے جواب میں عالیہ کے پاس دو جواب ہیں۔ پہلا یہ کہ ’جب فلم مجھے ملی تب میں نئی اداکارہ تھی اور میرے پاس کام تھا ہی نہیں۔‘ دوسرا یہ کہ ’یہ تین فلموں پر مشتمل ایک سیریز ہے جس کے کچھ کردار آگے جا کر دوسرے اور تیسرے حصے میں بھرپور طریقے سے نمایاں ہوں گے۔‘

ان کے پرستار خوش ہوں یا نہ ہوں عالیہ بہت خوش ہیں۔ خیر دیکھتے ہیں دوسرے اور تیسرے حصے میں ان کا کردار کتنی گنجائش حاصل کر پاتا ہے۔

’سنجو‘ کے بعد رنبیر کپور کی پہلی کامیاب فلم

’راک سٹار،‘ ’برفی‘ اور ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ جیسی کامیاب فلموں کے ذریعے رنبیر کپور نے گذشتہ دہائی کا آغاز انتہائی شاندار طریقے سے کیا مگر درمیان میں جا کر ان کی ناؤ ناکامیوں کے گرداب میں پھنسنے لگی۔ یہاں تک کہ انوراگ کشیپ کی ’بمبئی ویلوٹ‘ (2015) اور امتیاز علی کی ’تماشا‘ (2015) بھی باکس آفس پر لڑکھڑا گئیں۔

رنبیر نے انوراگ باسو کے ساتھ مل کر اپنی پروڈکشن کمپنی کھول لی، جس کی پہلی اینٹ ہی ٹیڑھی ثابت ہوئی۔ ’جگا جاسوس‘ (2017) فلاپ ہوئی جس سے رنبیر کو دہرا صدمہ اٹھانا پڑا۔

رنبیر کے کیریئر پر اس وقت بہت لے دے ہو رہی تھی کہ 2018 میں ’سنجو‘ نے تمام خدشات کو غلط ثابت کیا۔ سنجو ان کے کیریئر کی سب سے بڑی باکس آفس ہٹ ثابت ہوئی۔

مگر اس کے بعد چار برس کی طویل خاموشی ہے۔ اگرچہ وہ مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہے تھے لیکن ’سنجو‘ کے بعد 2022 تک ان کی کوئی فلم ریلیز نہیں ہوئی تھی۔

رواں برس ان کی ریلیز ہونے والی پہلی فلم ’شمشیرا‘ تھی جسے 150 کروڑ کی لاگت سے بنایا گیا تھا۔ فلم کی خوب تشہیر کی گئی مگر تماشائیوں نے اسے مسترد کیا اور یہ باکس آفس پر الٹ گئی۔

ذرا سوچیے اگر یہی حال ’برہمسترا‘ کا ہوتا تو کپور خاندان کے چشم و چراغ ایک بار پھر بقا کی جنگ لڑ رہے ہوتے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ فلم عالیہ اور رنبیر کے علاوہ پورے بالی وڈ کے لیے خوش قسمت ثابت ہوئی۔ گذشتہ چند ماہ ہندی فلم انڈسٹری کے لیے انتہائی خوفناک رہے ہیں۔

’لال سنگھ چڈھا،‘ ’شمشیرا‘ اور ’رکھشا بندھن‘ سمیت 2022 کی ناکام ہندی فلموں کی ایک طویل فہرست ہے۔ فلمیں بالکل بھی نہیں چل رہی تھیں، لیکن ’برہمسترا‘ کی ایڈوانس بکنگ سے ہی امید کا دیا روشن ہو چکا تھا۔

ابھی تک فلم لگ بھگ 250 کروڑ سے زائد کا بزنس کر چکی ہے۔ اگرچہ تھیٹرز میں نئی فلمیں لگ رہی ہیں مگر ایان مکھرجی کی ’برہمسترا‘ فی الحال باکس آفس کی دوڑ میں سب سے آگے ہے اور ممکنہ طور پر یہ رنبیر اور عالیہ کی سب سے بڑی کمرشل ہٹ فلم ہو گی۔

عالیہ اور رنبیر کے کیریئر کے لیے اس فلم کی خوش قسمتی تو آپ نے دیکھ لی اب ان کی ’پریم کہانی‘ کی طرف بڑھتے ہیں۔

براہمسترا: جب عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی پریم کہانی شروع ہوئی

’کافی وِد کرن‘ کے سیزن 7 کا آغاز رنویر اور عالیہ بھٹ کی کھٹی میٹھی باتوں سے ہوا۔ عالیہ نے اس موقعے پر پہلی مرتبہ کھل کر اپنے اور رنبیر کپور کے تعلقات پر بات کی۔ اسرائیل کے شہر تل ابیب جانے والی پرواز کے دوران جو کچھ ہوا وہ بالکل ایک فلم کی کہانی جیسا ہے۔

’برہمسترا‘ سے متعلق ایک ورکشاپ کے لیے عالیہ جہاز میں بیٹھ چکی تھیں اور ان کے ساتھ والی سیٹ رنبیر کپور کی تھی۔

عالیہ کے بقول: ’یہ طے شدہ نہیں تھا، ہمیں نئے سال پر ایک ساتھ نہیں ہونا تھا۔ مجھے یاد ہے کہ وہ اندر داخل ہوئے اور میں دیکھ رہی تھی کہ وہ میرے پاس بیٹھنے ہی والے تھے، تب میرا جوش آسمان کو چھو رہا تھا اور پھر وہ میرے پاس بیٹھ گئے لیکن اچانک ان کی سیٹ مسئلہ کرنے لگ گئی۔ کچھ خرابی تھی اس لیے وہ اٹھ کر پیچھے کسی اور سیٹ پر چلے گئے اور میرے اندر یہ تھا کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے، میرا خواب کیوں بکھر رہا ہے؟ لیکن بعد میں ان کی سیٹ ٹھیک ہوگئی اور وہ واپس آگئے۔‘

آپ سوچ رہے ہوں گے کہ تب رنبیر کپور کے دل میں کیا چل رہا تھا؟ اسی شو کے دوران عالیہ بتاتی ہیں کہ ’جب ہم نوٹس کا تبادلہ کر رہے تھے تب وہ بھی بول پڑے کہ میں بہت پریشان اور تنگ ہو رہا ہوں۔ اس سیٹ کو اسی وقت رکنا تھا جب ہم ایک ساتھ اتنے اچھے طریقے سے بیٹھے تھے۔‘

فلم کی ریلیز سے قبل دونوں نے شادی کر لی اور بہت جلد ان کے گھر ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم